100انڈیکس میں 948.34پوائنٹس کی بڑی مندی ، حصص مارکیٹ کی 10حدیں گر گئیں ، تیزی کا تسلسل برقرار نہ رہ سکا
عدالتی فیصلے کے بعد انویسٹرز نے ٹریڈنگ سے ہاتھ روک لیا،گیس کی قیمتوں میں ممکنہ اضافہ بھی مندی کا باعث بنا ، معاشی ماہرین
کراچی( کامرس ڈیسک)ا سٹاک مارکیٹ میں بڑی مندی دیکھی گئی، مندی کے باعث حصص مارکیٹ کا 100 انڈیکس دھڑام سے نیچے آ گیا، گراوٹ کے باعث 41 ہزار کی نفسیاتی حد گرنے کیساتھ ساتھ 10 حدیں بھی گر گئیں۔پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں کاروبار کا آغاز ہی محتاط انداز میں ہوا، پہلے گھنٹے کے بعد مندی کے بادلوں نے حصص مارکیٹ میں ڈیرے ڈال لئے ، ایک موقع پر انڈیکس میں 1135 پوائنٹس کی مندی بھی دیکھی گئی جس کے بعد 100 انڈیکس 40467 پوائنٹس کی سطح پر آ گیا۔ مندی کا تسلسل جاری رہا تو انڈیکس 40414.36 پوائنٹس پر آ گیا،اس دوران انویسٹرز کی طرف سے ‘معمولی’ دلچسپی دیکھی گئی اور انڈیکس میں تیزی آئی اور انڈیکس 41796.33 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا ، تاہم تیزی کا یہ تسلسل بھی برقرار نہ رہ سکا۔کاروبار کے اختتام پر پاکستان سٹاک مارکیٹ کا 100 انڈیکس 948.34 پوائنٹس کی مندی کے بعد 40655.37 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا، پورے کاروباری روز کاروبار میں 2.33 فیصد گراوٹ دیکھی گئی، 16 کروڑ 99 لاکھ 15 ہزار 190 شیئرز کا کاروبار ہوا جس کی مالیت 9 ارب 44 کروڑ 34 لاکھ 10 ہزار 842 روپے بنتی ہے۔ جبکہ انویسٹرزکے 182 ارب روپے ڈوب گئے۔معاشی ماہرین کا کہناتھا پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں بڑی مندی کی سب سے بڑی وجہ سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کے بارے میں عدالتی فیصلہ ہے ، عدالتی فیصلے کے بعد انویسٹرز نے ٹریڈنگ سے ہاتھ روک لیا، ملک میں غیر یقینی کی فضا کے اثرات بین الاقوامی انویسٹرز پر بھی پڑ ے ، جو دیکھو اور انتظار کرو کی پالیسی پر عمل پیرارہے۔ دوسری بڑی وجہ گیس کی قیمتوں میں ممکنہ اضافہ بھی بتائی گئی جس کے مطابق حکومت نے گیس کی قیمتوں میں 200 فیصد سے زائد اضافے کا فیصلہ کیا ہے۔

