کراچی بھر کے400 نجی اسکول ممبر شپ لے چکی ہیں‘ قاضی نور اسلام شمس
کراچی (اسٹاف رپورٹر)نجی اسکولوں او ر تعلیم کی بہتری کے لئے پاکستان پرائیوٹ اسکول ایسو سی ایشن کا قیام عمل میں آگیا ہے،کراچی بھر کے 400کے قریب نجی اسکولوں نے ایسوسی ایشن کی ممبر شب لے لی ہے،ایسوسی ایشن کے ممبرز اسکولوں میں تنخواہوں کے مسائل کا شکار صحافیوں کے بچوں کو مفت تعلیم دی جائے گی،ایسوسی ایشن کے تحت 20دسمبر کوآرٹس کونسل میں نجی اسکول کے میٹرک کے پوزیشن ہولڈرز طلبہ میں شیلڈ کی تقسیم کی جائے گی جبکہ اسکولوں کے سربراہان کو ممبر شپ سرٹیفکیٹ اور نئے عہدیداران کی حلف برداری تقریب بھی ہوگی،نجی تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم طلباء کیلئے کیرئیر کونسلنگ شروع کرنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق نجی اسکولوں کی تنظیم پاکستان پرائیوٹ اسکول ایسو سی ایشن نے ایسوسی ایشن کے قیام کا اعلان بدھ کو کراچی کے مقامی ہوٹل میں منعقدہ تقریب میں کیا۔ اس تقریب میں پاکستان پرائیوٹ اسکول ایسوسی ایشن (پی پی ایس اے) کے سرپرست اعلیٰ قاضی نورالسلام شمس، چیئرمین پرویز ہارون، جنرل سیکریٹری انجینئر عبدالرحمن، فنانس سیکریٹری ساجد حسین، سینئر جوائنٹ سیکریٹری عابد حسین اور پریس سیکریٹری مغفور نجیب انفارمیشن سیکرٹری مزمل شاہ بھی موجود تھے۔ چیئرمین پاکستان پرائیوٹ اسکول ایسو سی ایشن پرویز ہارون نے تنظیم کے مقاصد بیان کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا مقصد بین الصوبائی فاصلہ دور کرنا ہے اور دیگر صوبوں کے نجی تعلیمی اداروں کے درمیان روابط قائم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنوری کے پہلے ہفتے میں لاہور اور جنوری کے آخری ہفتے میں پشاور سمیت پاکستان کے دیگر علاقوں میں ممبر سازی کا عمل شروع کردیں گے۔

