کراچی (اسٹاف رپورٹر) کرکٹ میچ کی سیکورٹی کے لیے اہم شاہراہیں بند کرنے کے باعث شہر کی بیشتر شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔ تفصیلات کے مطابق جمعرات کو نیشنل اسٹیڈیم میں پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ہونے والے کرکٹ میچ کی سیکورٹی کے لیے کارساز روڈ، حسن اسکوائر سے اسٹیڈیم جانے والی روڈ، ڈالمیا روڈ اور اسٹیڈیم روڈ کو ٹریفک کے لیے بند کیے جانے کے باعث یونیورسٹی روڈ، نیو ایم اے جناح روڈ، شہید ملت روڈ، بہادر یار جنگ روڈ، شارع فیصل سمیت دیگر اہم شاہراہوں پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔ کراچی ٹریفک پولیس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اگر شہری متبادل راستوں پر عمل کریں تو کبھی کسی شاہراہ پر ٹریفک جام نہ ہو۔

