English Al Qamar Urdu جون 25, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

غزہ میں حماس کے ٹھکانوں پر اسرائیلی بمباری

القمر

غزہ (انٹرنیشنل ڈیسک) اسرائیل کے طیاروں نے غزہ پٹی میں فلسطینی تنظیم حماس کے ٹھکانوں پر بم باری کی، جن میں ایک عسکری کمپاؤنڈ شامل ہے۔ اسرائیلی فوج کے ترجمان نے کہا کہ یہ کارروائی اسرائیل کی جانب ایک راکٹ داغے جانے کے جواب میں کی گئی۔ اسرائیلی جاسوس طیارے نے غزہ پٹی کے جنوب میں عین جالوت کے مقام پر 4میزائل داغے۔ اس کے علاوہ غزہ کے شمال میں بھی عسقلان کے قریب 2 میزائلوں کے ذریعے نشانہ بنایا گیا۔ غزہ کے جنوبی شہر رفح میں زرعی اراضی پر 2میزائل داغے گئے۔ نمایندے نے حملوں میں مادی نقصان کی تصدیق کی، تاہم کوئی شخص جاں بحق یا زخمی نہیں ہوا۔ دوسری جانب اسلامی تحریک مزاحمت ’’حماس‘‘ کے سیاسی شعبے کے سابق سربراہ خالد مشعل نے کہا ہے کہ محصور اور مجبور فلسطینی قوم نے بے سروس سامانی کے عالم میں اسلحہ اور میزائل تیار کیے، فیصلہ سازی کی صلاحیت حاصل کی اور دشمن کے خلاف ہرمحاذ پر کامیابی حاصل کی ہے۔ ملائیشیا کے دارالحکومت کوالالمپورمیں منعقدہ اسلامی سربراہ کانفرنس سے خطاب میں خالد مشعل نے کہا کہ غزہ کی پٹی کے عوام نے فیصلہ کیا ہے کہ ہم جھکیں گے نہ بکیں گے، نہ ہتھیار ڈالیں گے اور نہ ہی دشمن کی بلیک میلنگ قبول کریں گے۔ صہیونی دشمن غزہ میں فلسطینی قوم کو جھکنے اور گٹھنے ٹیکنے پرمجبور نہیں کرسکتا۔ انہوں نے کہا کہ فلسطینی قوم بالخصوص غزہ کی پٹی کے عوام نے ناکابندی اور بے سرو سامانی کے باوجود میزائل تیار کیے۔ سیاسی فیصلہ سازی کا فن سیکھا، اور اسرائیلی دشمن کے جبرو تشدد اور اقتصادی بلیک میلنگ کا شکار نہیں ہوئے۔ اسرائیل نے غزہ کے عوام کو اقتصادی اور معاشی دبائو کے ذریعے دبانے اور جھکانے کی ہرممکن کوشش کی، مگر ہم فلسطینی قوم کو آفرین پیش کرتے ہیں، جس نے دشمن کی بلیک میلنگ کی ہرسازش کو بری طرح ناکام بنایا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے