English Al Qamar Urdu جون 23, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

آئی ایم ایف نے 45 کروڑ 24 لاکھ ڈالر کی دوسری قسط جاری کردی

القمر

 

اسلام آباد (اے پی پی) بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے انتظامی بورڈ نے پاکستان کے لیے 45 کروڑ 24 لاکھ ڈالر کی دوسری قسط جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کا اقتصادی اصلاحات کا پروگرام درست سمت میں گامزن ہے‘ پاکستان کی حکومت سماجی تحفظ کے دائرہ کار کو توسیع دینے، غربت کے خاتمے اور صنفی امتیاز کے خاتمے میں پرعزم ہے‘ منی لانڈرنگ اور دہشت گردی کے لیے مالی تعاون کے تدارک کے ضمن میں تیز تر پیش رفت ضروری ہے‘ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ اور استعداد کار میں بہتری کے لیے معاونت فراہم کرنے والے دیگر ادارے پاکستان کو تکنیکی معاونت فراہم کررہے ہیں‘
فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کی لسٹ سے نکلنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کو جلد از جلد مکمل کرنا چاہئیے۔ آئی ایم ایف کی طرف سے جاری بیان کے مطابق بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کے انتظامی بورڈ نے پاکستان کے لیے توسیع فنڈ سہولت کا پہلا جائزہ مکمل کر لیا ہے۔ انتظامی بورڈ کا اجلاس گزشتہ روز واشنگٹن میں منعقد ہوا۔ آئی ایم ایف کے فرسٹ ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر اور قائم مقام چیئرمین ڈیوڈ لپٹن نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ پاکستان کا پروگرام ٹریک پر ہے اور اس کے نتائج سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں تاہم رسک بدستور موجود ہے اور پالیسیوں کی اونرشپ اور اصلاحات کے پروگرام پر ثابت قدمی ہونے کی صورت میں ہی مائیکرو اکنامک استحکام اور متوازن بڑھوتری کے اہداف حاصل کیے جا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت جو اصلاحات لانا چاہتی ہے ان میں محصولات میں اضافہ، ٹیکس استثنا کی شرح کو کم کرنا اور اس نظام میں کمزوریوں پر قابو پانا شامل ہے‘اس کے علاوہ اخراجات پر قابو پانے کے لیے دانشمندانہ پالیسی اپنائی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ منی لانڈرنگ اور دہشت گردی کے لیے مالی تعاون کے تدارک کے ضمن میں تیز تر پیش رفت ضروری ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے