English Al Qamar Urdu جون 24, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

ممنوعہ پلاسٹک بیگ بنانے والوں کیخلاف سخت کارروائی کافیصلہ

عملدرآمد پر مامور اہلکاروں کی کسی قسم کی کوتاہی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی‘سیکرٹری محکمہ ماحولیات
پلاسٹک مینوفیکچررز اپنے رجسٹرڈ ممبران کی فہرست ای پی اے سندھ کو فراہم کریں گے‘خان محمد مہر کی زیر صدارت اجلاس
کراچی (اسٹاف رپورٹر)صوبہ سندھ میں ناقابل تلف پلاسٹک بیگز کے استعمال، خرید و فروخت اور تیاری پر لگائی گئی پابندی پر عملدرآمد کا جائزہ اجلاس جمعہ کے روز سیکرٹری محکمہ ماحولیات، موسمیاتی تبدیلی اور ساحلی ترقی خان محمد مہر کی زیر صدارت ان کے دفتر میں ہوا جس میں پلاسٹک مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے نمائندگان اور ادارہ تحفظ ماحولیات کے ایڈیشنل ڈی جی وقار حسین پھلپوٹو سمیت فیلڈ دفاتر کے سربراہان نے شرکت کی۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پلاسٹک مینوفیکچررز ایسوی ایشن اپنے رجسٹرڈ ممبران کی فہرست ای پی اے سندھ کو فراہم کرے گی تاکہ کوئی غیر رجسٹرڈ کارخانہ اگر ممنوعہ پلاسٹک بیگز کی تیاری کرتا ہوا پایا گیا تو اس کے خلاف بلاتاخیر سخت کارروائی کی جائے۔اس موقع پر سیکرٹری ماحولیات خان محمد مہر نے شرکا کو بتایا کہ وزیر اعلیٰ سندھ کے مشیر برائے قانون، ماحولیات، موسمیاتی تبدیلی اور ساحلی ترقی بیرسٹر مرتضی وہاب پلاسٹک بیگز پر پابندی پر عملدرآمد کی روزانہ کی بنیاد پر نگرانی کررہے ہیں اور ان کی واضح ہدایات ہیں اس ضمن میں خلاف ورزی کرنے والوں سے کوئی رعایت نہ برتی جائے اور عملدرآمد پر مامور اہلکاروں کی جانب سے کسی قسم کی کوتاہی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔اس موقع پر پلاسٹک مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے نمائندوں نے اجلاس کو بتایا کہ صوبے میں ایسوسی ایشن کے ممبران کی جانب سے ممنوعہ پلاسٹک بیگز کی مینوفیکچرنگ مکمل طور پر بند کردی گئی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے