English Al Qamar Urdu جون 24, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

اسکولوں کی وین اور بسوں میں حفاظتی انتظامات سے متعلق درخواست کی سماعت

محکمہ ٹرانسپورٹ کو غیر معیاری سلنڈر اور سی این جی کٹس کیخلاف کارروائی کا حکم
سندھ ہائیکورٹ کی چیف سیکریٹری کو 10یوم میں فریقین پر مشتمل کمیٹی ٗ ٹی اوآر ز بنانے اور کمیٹی کی سفارشات سندھ کابینہ کو بھیجنے کی ہدایت
درخواست گزار اوراوگرا کے وکلاء کو شامل کرنے کا حکم ٗ کابینہ کا موٹر وہیکل آرڈیننس میں ترمیم کرکے مطلوبہ شقیں شامل کرنے کا فیصلہ ٗ قانون سازی جاری ہے
کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائی کورٹ نے اسکولوں کی وین اور بسوں میں حفاظتی انتظامات، غیر معیاری سلنڈرز اور سی این جی کٹس سے متعلق دائر درخواست پر صوبائی حکومت کو ٹرانسپورٹ اتھارٹی قائم کرنے کی ہدایت کردی جبکہ غیر معیاری سی این جی کٹس کے خلاف کارروائی کا اختیار بھی محکمہ ٹرانسپورٹ کو دینے کا حکم دیا ہے۔ جمعہ کو جسٹس محمد علی مظہر کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے اسکولوں کی وین اور بسوں میں حفاظتی انتظامات، غیر معیاری سلنڈرز اور سی این جی کٹس سے متعلق محمد طارق منصور کی جانب سے دائر درخواست کی سماعت کی، فاضل عدالت نے چیف سیکرٹری سندھ کو 10 یوم میں فریقین پر مشتمل کمیٹی، ٹی او آرز بنانے اور کمیٹی کی سفارشات بھی سندھ کابینہ کو بھیجنے کی ہدایت کی ہے جبکہ کمیٹی میں درخواست گزار اور اوگرا کے وکلا کو بھی شامل کرنے کا حکم دیا ہے۔ دوران سماعت ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل سندھ نے عدالت کو آگاہ کیا کہ کابینہ نے موٹر وہیکل آرڈیننس ترمیم کرکے مطلوبہ شقیں شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے، غیر معیاری سی این جی کٹس/سلنڈرز کے حوالے سے قانون سازی کی جارہی ہے، کمیٹی قانون سازی کے لیے مختلف امور پر غور کر رہی ہے۔ بعدازاں عدالت نے سماعت 28 دسمبر تک ملتوی کردی۔ درخواست گزار نے دائر کردہ درخواست میں موقف اختیار کیا ہے کہ سیکرٹری ٹرانسپورٹ نے بیان دیا ہے کہ والدین اپنی ذمہ داری پر بچوں کو اسکولز بھیجیں اور عمل درآمد کے لیے مناسب فورس دستیاب نہیں جبکہ صوبائی حکومت کی جانب سے 7 مئی 2014ء کو اسکولز وین میں حفاظتی انتظامات کا نوٹیفکیشن جاری کر چکی لیکن اس کے باوجود عملی اقدامات نہیں کیے جارہے ہیں، لہٰذا استدعا ہے کہ عملی اقدامات کے لیے احکامات جاری کیے جائیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے