گرین شرٹس کے شاہین شاہ کی 5اور عباس کی4 وکٹیں‘حارث سہیل کے حصے میں ایک وکٹ آئی
دوسرے ٹیسٹ کے تیسرے روزشان مسعود 21 اور عابد علی 32 رنز کے ساتھ کریز پر موجود
کراچی(اسپورٹس ڈیسک)نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے جانے والے دوسرے ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز سری لنکا کی ٹیم 271 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی، پاکستان نے بغیر کسی نقصان کے 57 رنز بنالیے۔تفصیلات کے مطابق کراچی میں کھیلے جانے والے دوسرے ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز کا کھیل ختم ہوگیا، پاکستان نے بغیر کسی نقصان کے 57 رنز بنالیے۔ دوسرے ٹیسٹ کے تیسرے روز شان مسعود 21 اور عابد علی 32 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔پاکستان کو سری لنکا کی برتری ختم کرنے کے لیے مزید 23 رنز درکار ہیں اور اس کی دس وکٹیں باقی ہیں۔اس سے قبل سری لنکا نے اپنی پہلی اننگز 64 رنز 4 وکٹوں کے نقصان پر شروع کی تو 78 رنز کے مجموعی اسکور پر لیستھ 13 رنز بنا کر محمد عباس کی گیند پر حارث سہیل کو کیچ دے بیٹھے۔دنیش چندی مل نے 74 رنز کی شاندار اننگز کھیلی انہیں حارث سہیل نے آؤٹ کیا، ڈی سلوا 32 رنز بنا کر شاہین شاہ آفریدی کا نشانہ بنے، ڈک ویلا کو 21 رنز پر محمد عباس نے بولڈ کیا۔دلروان پریرا نے 48 رنز کی اننگز کھیلی، کمارا بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، محمد عباس نے چار اور حارث سہیل نے ایک وکٹ حاصل کی۔

