گلگت (خصوصی رپورٹ) قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی گلگت کے ڈین آف سوشل سائنسز ڈاکٹر محمد رضوان نے کہاہے کہ وطن عزیز کو جنونی انتہا پسندی، دہشت گردی اور فرقہ ورانہ عصبیتوں سے مستقل طور پر نجات دلاکر ملک میں پائیدار ترقی اور حقیقی امن کو یقینی بنانے کا قومی ایجنڈہ پرامن بقائے باہمی کے اصولوں پر عمل کرکے ہی حاصل کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی اورفاقی وزارت اطلاعات و نشریات کے اشتراک سے’’ ہم آہنگی برائے پرُامن پاکستان‘‘ کے عنوان سے منعقدہ ایک روزہ سیمینار میں لیکچر دیتے ہوئے کیا۔ یونیورسٹی میں منعقدہ اس سیمینار میں یونیورسٹی کے سینئر منیجمنٹ و فیکلٹی ممبران اور طلبا کی کثیرتعداد نے شرکت کی۔ سیمینار سے وفاقی وزارت اطلاعات و نشریات کے نمائندوں خرم شہزاد اور محترمہ عائشہ سعید نے بھی خطاب کیا، مقررین نے کہاکہ ہم آہنگی اور قومی یکجہتی کے ذریعے ہی معاشرے میں پائیدار امن و ملکی ترقی کو یقینی بنایاجاسکتاہے۔پاکستان میں رہنے والے مختلف لوگوں کی مثال پھولوں کے ایک ایسے گلدستہ کی مانند ہے جس میں مختلف رنگوں کے پھول سجے ہوتے ہیں۔جو اس گلدستہ کی خوبصورتی کا باعث ہوتے ہیں۔ہم سب کو آپس کے اختلافات کو پس پست ڈالتے ہوئے قومی یکجہتی اور فروغ امن کے لیے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ نفرت انگیزی کو ختم کرنے کے لیے معاشرے میں مثبت سوچ کو پروان چڑھانے کی ضرورت ہے۔جو کہ باہمی تعاون، رواداری اور برداشت کے رویوں کو فروغ دینے سے ہی ممکن ہے۔اور اس سلسلے میں طلبا بہتر طریقے سے اپنا کردار ادا کرسکتے ہیں۔یونیورسٹی طلبا کی رہنمائی کے لیے نصابی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ غیر نصابی سرگرمیوں کو بھی فروغ دیا جائے۔
