English Al Qamar Urdu جون 24, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

سندھ بھر میں آج سے ٹیکس نادہندہ گاڑیوں کیخلاف کارروائی ہوگی

ٹیمیں تشکیل، نادہندہ کی گاڑیاں ضبط ، بقایاجات و جرمانے کی ادائیگی پر واپس دی جائیں گی
مالکان گاڑیاں اپنے نام منتقل کروالیں ، اوپن لیٹر پر گاڑی چلانا جرم ہے ، مکیش کمار چاؤلہ
کراچی (اسٹاف رپورٹر)محکمہ ایکسائزسندھ کی جانب سے آج سے صوبے بھر میں ٹیکس نادہندہ گاڑیوں کے خلاف کارروائی شروع کی جارہی ہے ، اس سلسلے میں صوبے بھر میں ایکسائز ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔ یہ فیصلہ صوبائی وزیر برائے ایکسائز مکیش کمار چاؤلہ کی زیر صدارت اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس میں سیکرٹری ایکسائز عبد الحلیم شیخ، ڈائریکٹر جنرل ایکسائزشعیب احمد صدیقی اور دیگر افسران نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں بتایا کہ عوام کی آگہی کے لئے بڑے پیمانے پر تشہیری مہم بھی شروع کی گئی ہے تاکہ وہ اپنے ٹیکسز بروقت جمع کروا سکیں ، انہوں نے کہاکہ روڈ چیکنگ کے دوران ٹیکس نادہندہ گاڑیوں کو موقع پر ہی ضبط کر لیا جائے گا اور بقایاجات بمعہ جرمانے کی ادائیگی کے بعد ہی گاڑیاں مالکان کے حوالے کی جائیں گی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیرمکیش کمار چاؤلہ نے گاڑیوں کے مالکان کو مشورہ دیا کہ وہ گاڑی خریدنے کے فوراً بعد اپنے نام پر منتقل کروالیں کیونکہ اوپن لیٹر پر گاڑی چلانا جرم ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر گاڑی کسی جرم میں استعمال ہوئی تو اس وقت جس کے نام پر ہوگی اسے ہی قانونی طور پر گاڑی کا اصل مالک سمجھا جائے گا ، عوام کی سہولت کے لئے ٹیکس جمع کروانے کے لئے نیشنل بینک کی 15 برانچیں موجود ہیں اور ان برانچوں کی تفصیلات محکمہ کی ویب سائٹ اور اخبارات میں شائع کی گئی ہیں۔ ڈائریکٹر جنرل شعیب احمد صدیقی نے بتایا کہ نیشنل بینک کی برانچوں میں عوامی مرکز، کلفٹن، سائٹ ایریا، ناظم آباد، شہباز بلڈنگ حیدرآباد، ملت روڈ، کورنگی انڈسٹریل ایریا، ایم اے جناح، ڈینسو ہال، فاطمہ جناح روڈ حیدرآباد، ڈی ایچ اے ، پی آئی ڈی سی، آئی آئی چندریگر روڈ، گلشن اور ہائیکورٹ کی برانچیں شامل ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے