
کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان اور سری لنکا کے مابین کھیلے جارہے دوسرے ٹیسٹ میچ کے چوتھے دن اتوار کو کھانے کے وقفے پر پاکستان نے 3 وکٹ کے نقصان پر 555 رنز بناکر اپنی اننگ ڈکلیئر کرنے کا اعلان کردیا، اس طرح پاکستان کو سری لنکن ٹیم پر 475 رنز کی برتری حاصل ہوگئی ہے، پاکستان نے سری لنکا کو میچ جیتنے کے لئے 476 رنز کا ہدف دے دیا،اظہر علی 157 گیندوں پر 118 رنز بناکرپویلین واپس لوٹ گئے، بابراعظم نے بھی 130 گیندوں پر اپنی سنچری مکمل کی۔ پاکستان کے صف اول کے چار کھلاڑیوں شان مسعود، عابد علی، کپتان اظہر علی اور بابراعظم نے سنچریاں اسکور کی ہیں۔نیشل اسٹیڈیم کراچی میں جاری ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے اپنی نامکمل اننگ کا آغاز انتہائی پر اعتماد انداز میں کیا اور چوتھے دن کھانے کے وقفے سے قبل 131 اوورز میں 555رنز بنائے۔قومی ٹیم کے بیٹسمینوں اظہر علی اور بابر اعظم کے درمیان تیسری وکٹ کی شراکت داری کے 50 رنز91 گیندوں پر بنے جبکہ پاکستان نے اپنی اننگ کے 400 رنز 105 اوورز میں 630 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے مکمل کئے۔ بابراعظم کو 108.2 اوورز میں امپائر بی جے جے آکسنفورڈ نے ایک زوردار اپیل پر ایل بی ڈبلیو قرار دیا جس کے خلاف بابراعظم نے ریویو لیا اور ٹی وی امپائر نے بابراعظم کے ریویو کو برقرار رکھا جس کے بعدپاکستان نے اپنی اننگ کے 450 رنز 115.2اوورز میں 692 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے مکمل کیے۔ اسی اثناء میںبابراعظم نے81 گیندیں کھیلتے ہوئے اپنی نصف سنچری مکمل کی اور تیسری وکٹ کی شراکت کے 100 رنز 157 گیندوں پرحاصل کی۔ اظہر علی نے خوبصورت اننگ کھیلتے ہوئے اپنی سنچری 142 گیندوں پر مکمل کی۔ انہوں نے اپنی اننگ میں 4 چھکے اور 11 چوکے لگائے۔ پہلے گھنٹے کے کھیل کے بعد پانی کے وقفے پر پاکستان کا اسکور 118 اوورز میں 470 رنز تک پہنچ گیا۔ پاکستان کا اسکور 122.5 اوورز میں 737 گیندوں پر 500 رنز ہوگئے۔ جب قومی ٹیم کا اسکور 503 رنز پر پہنچا تو اظہر علی 157 گیندوں پر 118 رنز بناکر لاسیتھ ایمبول ڈینایا کی بال پر وکٹ کیپر نیروشن ڈیک ویلا کے ہاتھوں سٹمپ ہوکر پویلین واپس لوٹ گئے۔ اس طرح اظہر علی اور بابر اعظم کے درمیان تیسری وکٹ کی 148 رنز کی شراکت داری رہی جس کے بعد پانچویں نمبر پر محمد رضوان بیٹنگ کے لئے آئے۔ بابراعظم نے 130.3 اوورز میں130گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے سنگل رن لیکر اپنی سنچری مکمل کی۔ انہوں نے اپنی اننگ میں ایک چھکا اور 7چوکے لگائے۔کراچی کے نیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دوسرے ٹیسٹ میچ کے چوتھے دن کے اختتام پر 476 زنز کے ہدف کے تعاقب میں سری لنکا کے 7 کھلاڑی سوکھے پتوں کی طرح ٹوٹ کر بکھر گئے۔ اوشادہ فرنینڈو کی ناقابل شکست سنچری کے باوجود سری لنکا مجموعی طور پر صرف 212 رنز ہی بناسکی۔پاکستان کی جانب سے حارث سہیل، محمد عباس، شاہین شاہ آفریدی اور یاسر شاہ نے ایک، ایک جبکہ نسیم شاہ نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ سری لنکن سائیڈ میں اوشادہ فرنینڈو کے علاوہ کوئی بھی بلے باز پاکستانی بولرز کا سامنا نہیں کرسکا۔ پاکستان کے لیے واحد خطرہ اوشادہ فرنینڈو اب بھی 102 کے انفرادی رنز کیساتھ کریز پر موجود ہیں۔سری لنکا کے بولر لاھیرو کمارا نے 22 اوور میں 88 رن دے کر 2 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا جبکہ لاسیتھ ایمبول ڈینایا نے 48 اوورز میں 184رنز کے عوض ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی ہے۔اس سے قبل راولپنڈی میں کھیلا گیا سیریز کا پہلا میچ کم روشنی، بارش اور گیلی آؤٹ فیلڈ کے باعث کسی نتیجے کے بغیر ہی ختم ہوگیا تھا۔
