کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستانی ٹیم کے فاسٹ بولر نسیم شاہ نے پاکستان اور سری لنکا کے مابین کھیلی جانے والی 2 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے دوسرے میچ میں ایک اننگ میں 5 وکٹ حاصل کرنے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اعزاز میں اپنی والدہ کے نام منسوب کرتا ہوں، اس موقع پر وہ آبدیدہ ہو گئے۔ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں دوسرے ٹیسٹ میچ کی دوسری اننگ میں 5 وکٹیں حاصل کرنے کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج کا دن میرے لئے بہت خوشی کا دن ہے کیونکہ پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ بحال ہوئی ہے اور اپنے ہوم گرائونڈ اور ہوم کرائوڈ کے سامنے ایک اننگ میں 5 کھلاڑیوں کو آئوٹ کرنا بہت اچھی بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ میری والدہ کو کرکٹ کی سمجھ نہیں تھی لیکن وہ میری کامیابی کے لئے دعائیں کیا کرتی تھیں اور مجھ سے معلوم کرتی تھیں کہ کون جیتا کون ہارا۔ انہوں نے کہا کہ دورہ آسٹریلیا کے دوران میری والدہ کا انتقال کا وقت میرے لئے بہت مشکل وقت تھا اور اس موقع پر آسٹریلیا میں کرکٹ کھیلنا آسان نہیں تھا لیکن اللہ تعالیٰ نے ہمت دی۔ نسیم شاہ نے بتایا کہ ہمارے گائوں میں کرکٹ کے میدان نہیں ہیں اور کھیلوں کی سہولیات بھی نہیں ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ میں ٹیپ بال سے کرکٹ کھیلتا تھا اور ٹی وی پر وقار یونس اور وسیم اکرم کی بولنگ دیکھتا تھا اور ان کی بولنگ مجھے بہت پسند تھی،ان ہی کو دیکھ کر مجھے فاسٹ بولر بننے کا شوق ہوا اور فاسٹ بولر بننے کے لئے میں لاہور شفٹ ہوا، وہاں پر کلب جوائن کیا اور محنت کی اور آج آپ سب کے سامنے ہوں۔ انہوں نے کہا کہ میں نے یہ کبھی نہیں سوچا کہ میں عمر میں چھوٹا ہوں بلکہ میں نے ہمیشہ اپنی بولنگ پرمحنت کی اور آج اللہ تعالیٰ نے مجھے اس کا بہترین صلہ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پہلی اننگ میں جب شاہین شاہ آفریدی نے 5 وکٹیں حاصل کیں تو میں نے سوچا کہ دوسری اننگ میں میں کیوں 5 کھلاڑیوں کو آئوٹ نہیں کرسکتا، میں نے دوسری اننگ میں بہت محنت کی جس کا صلہ اللہ تعالیٰ نے مجھے دیا۔
