English Al Qamar Urdu جون 22, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

سفارش اور اقربا پروری کے اثرات کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج پر نہیں پڑے ،وسیم اختر

کے ایم ڈی سی اس شہر کا تاج اورمیرٹ اس ادارے کی پہچان ہے جس پر کوئی انگلی نہیں اٹھا سکتا‘میئر کراچی
میڈیکل کالج میں داخلوں کے حوالے سے مختلف جگہوں سے دبائو ڈالا جاتا ہے‘وائٹ کوٹ تقریب سے خطاب
کراچی (اسٹاف رپورٹر) میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ معاشرے میں سفارش اور اقربا پروری بہت زیادہ ہے مگر اس کے اثرات کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج پر نہیں پڑے ،اسی وجہ سے یہ بہت تیزی سے ترقی کررہا ہے،کے ایم ڈی سی اس شہر کا تاج ہے، میرٹ اس ادارے کی پہچان ہے، سفارش اور اقربا پروری ہمارے معاشرے میں جڑیں پکڑ چکی ہے اور اب اس کو روکنا کسی سیاست دان کے لیے آسان نہیں، میڈیکل کالج میں داخلوں کے حوالے سے مختلف جگہوں سے دبائو ڈالا جاتا ہے مگر وہ پریشر اس ادارے پر اثر انداز نہیں ہونے دیا، اسی لیے آج یہ ادارہ ملک بھر میں اپنی منفرد پہچان بنا چکا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج میں ’’وائٹ کوٹ‘‘ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پرنسپل محمود حیدر اور کالج کے سابق طالب علموں نے بھی خطا ب کیا۔ میئر کراچی وسیم اختر نے کہا کہ مختلف ادوار میں سخت دشواریاں برداشت کر کے اس ادارے نے یہاں تک کا سفر طے کیا ہے لہٰذا سابق اور موجودہ طلبہ اس ادارے کی اونر شپ لیں اور ہر لحاظ سے اس کا خیال رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ اس ادارے کی خاص بات یہ ہے کہ یہاں بغیر تنخواہ بھی اساتذہ نے بچوں کو پڑھایا ہے، یہ شہر اور شہر کے بچوں کے ساتھ محبت کا ثبوت ہے۔دنیا میں شاید واحد مثال ہے کہ کسی بلدیاتی ادارے کا ایسا مثالی میڈیکل کالج ہے جہاں سو فی صد میرٹ اور سخت نظم و ضبط نافذ ہے، اہل کراچی کو اس پر فخر ہے کہ ہمارے شہر میں ایک ایسا ادارہ بھی ہے جس پر کوئی انگلی نہیں اٹھا سکتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ میرے لیے خوشی کا مقام ہے کہ میڈیکل کے نئے طالب علموں سے مخاطب ہوں، آپ ایک ذمے دار شہری کی حیثیت سے زندگی کا آغاز کر رہے ہیں اور میں بطور چیئرمین گورننگ باڈی آپ کو خوش آمدید کہہ رہا ہوں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے