صحافی نے چیئرمین پی ایس پی سے استفسار کیا کل ایم کیو ایم کے جلسے میں وسیم آفتاب بھی گئے تھے ؟
پرویز مشرف کی حمایت میں کئے گئے ایم کیو ایم کے جلسے میں پی ایس پی کا کوئی شخص نہیں گیا‘چیئرمین
ایم کیو ایم جلسے میں میری آمد کا مقصد پاکستان اور پرویز مشرف سے اظہار یکجہتی ہے‘وسیم آفتاب کی گفتگو
کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین مصطفیٰ کمال نے آنکھوں دیکھے مناظر کی تردید کردی اور کہا کہ ایم کیو ایم کے جلسے میں پی ایس پی کا کوئی شخص نہیں گیا۔احتساب عدالت میں میڈیا سے گفتگو میں مصطفیٰ کمال نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان کراچی کے 4 دورے کرچکے ہیں مگر انہوں نے شہر کے مسائل حل نہیں کیے۔انہوں نے کہاکہ وزیراعظم جب تک وزیراعلیٰ سندھ سے نہیں ملیں گے کراچی میں ایک دھیلے کا بھی کام نہیں ہوگا۔پی ایس پی سربراہ نے سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کی حمایت میں کیے گئے ایم کیو ایم کے جلسے میں پی ایس پی رہنماکی شرکت کی تردید کردی۔انہوں نے مزید کہاکہ کچھ سیاسی جماعتیں عدالت کے فیصلے پر احتجاج کررہی ہیں، شہر کی ایک جماعت اس معاملے کو لسانی رنگ دے رہی ہے جبکہ پورا پاکستان اس فیصلے پر ردعمل دے رہا ہے۔پی ایس پی سربراہ نے یہ بھی کہاکہ سیاسی جماعتیں ہر معاملے کو ذاتی مفادات کیلیے استعمال کرنا بند کردیں۔صحافی نے مصطفیٰ کمال سے استفسار کیا کہ کل ایم کیو ایم کے جلسے میں وسیم آفتاب بھی گئے تھے ؟انہوں نے جواب دیتے ہوئے کہاکہ پی ایس پی کا کوئی بھی شخص ایم کیو ایم کے جلسے میں نہیں گیا۔پی ایس پی چیئرمین کے بیان کے بعد وسیم آفتاب کے پارٹی کا حصہ رہنے پر سوالات اٹھ گئے ہیں، جنہوں نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر وائس چیئرمین پی ایس پی لکھا ہوا ہے۔وسیم آفتاب نے گزشتہ روز پرویز مشرف سے یکجہتی کیلئے نکالئے گئے ایم کیو ایم کے جلسے میں شرکت کی تھی۔گزشتہ روز وسیم آفتاب نے میڈیا سے گفتگو میں کہا تھاکہ پاکستان مشکل حالات میں ہے ،ایم کیو ایم جلسے میں میری آمد کا مقصد پاکستان اور پرویز مشرف سے اظہار یکجہتی ہے۔

