English Al Qamar Urdu جون 23, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

فواد چوہدری نے اپوزیشن سے تعلقات بہتر کرنے کی تجویز دے دی

حکومت کو اپوزیشن کیساتھ تعلق بہتربنانا پڑیگا، بات وہاں سے شروع کی جائے جہاں زیادہ فاصلہ نہ ہو
اپوزیشن کہتی انصاف ہونا چاہیے،اس بات کو تسلیم کرنا چاہیے‘ وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کا تبصرہ
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چودھری نے اپوزیشن سے تعلقات بہتر کرنے کی تجویز دے دی۔انہوں نے کہا کہ حکومت کو اپوزیشن کے ساتھ تعلق بہتر بنانا پڑے گا، بات وہاں سے شروع کی جائے جہاں حکومت اور اپوزیشن میں زیادہ فاصلہ نہ ہو، اپوزیشن کا اختلاف اس بات پر ہے کہ ہمارے خلاف کیس نہ چلائیں۔ اپوزیشن کہتی انصاف ہونا چاہیے،اس بات کو تسلیم کرنا چاہیے ۔عمران خان کا متبادل پی ٹی آئی تو کیا ملک میں بھی نہیں ہے،عمران خان کا ملک بھر میں ووٹ ہے، ان کو ہٹایا نہیں جاسکتا۔انہوں نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں روائتی طور ایک ہی پاور سنٹر فوج تھا۔عدلیہ اور فوج کے درمیان مفاہمت تھی کہ اگر سیاسی عدم استحکام بڑھ جاتا ہے تو کس طرح حل نکالا جائے۔ ہمیشہ سے تین پلیئرتھے، جب 58ٹوبی تھی توصدر،وزیراعظم اور آرمی چیف رول پلے کرتے تھے۔جب 58ٹو بی اٹھارویں ترمیم کے ذریعے ختم کردی گئی تو پھر تین پلیئرکاٹرائیکا بن گیا جن میں وزیراعظم ، چیف جسٹس اور آرمی چیف شامل ہیں۔افتخار چودھری نے بحالی کے بعد 100ججز کو نکال کر نئی عدلیہ بنا دی تھی، اگر غداری یا آئین کے آرٹیکل کی بات کی جائے تومشرف نے چار جج نکالے جبکہ افتخار چودھری نے سو جج نکال دیے۔مثلاًاب اگر فوج کہے کہ اگر ججز والا معاملہ غیرقانونی ہے تو پھر افتخار چودھری اوران کے ساتھی ججز کا بھی ٹرائل کرنا چاہیے۔یہی سزا ان کوبھی دینی چاہیے۔افتخار چودھری نے کارکے کیس کا فیصلہ دیا پاکستان کو ایک ارب ڈالر ، ریکوڈک میں 6ارب ڈالر کا جرمانہ ہوگیا،اگر ان چھ ججز پر ٹرائل شروع کردیں تو پھر تو سسٹم آگے نہیں چل سکے گا۔یہ معاملات کی ایک سیریز ہوئی ہے۔تحریک لبیک کے کیس میں ڈی جی آئی ایس آئی ، آرمی چیف کو الزام دیا گیا، پھر آرمی چیف کی توسیع کا مسئلہ آیا، اور اب پرویز مشرف کا معاملہ آگیا ہے۔انہوں نے کہا کہ عدلیہ اور فوج کے بغیر ملک نہیں چلا کرتے، دونوں اداروں کو ساتھ لے کرچلنا ہوگا۔ ہمارا مسئلہ معیشت اور بے روزگاری کا ہے۔ہمارے ملک میں 60فیصد آبادی 25سال سے کم عمر ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے