ڈھاکا(جسارت نیوز) پاکستان میں سری لنکا کی ٹیم کا ٹیسٹ سیریز کھیلنے کے بعد بنگلا دیش کرکٹ بورڈ بھی پاکستان آکر کھیلنے کے لیے رضا مند نظر آرہا ہے، گزشتہ روز ڈھاکا میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہویے بنگلا دیش کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو نظام الدین نے واضح کیا کہ ابھی پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز کھیلنے یا نہ کھیلنے کا حتمی فیصلہ تو نہیں ہوا لیکن ٹی ٹوئنٹی میچز کے دوران سیکورٹی کی صورتحال دیکھ کر پاکستان جاکر کھیلنے کا فیصلہ کریں گے۔ انہوںنے مزید کہاکہ پاکستان کیخلاف ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کے بعد ٹیسٹ سیریز کھیلنے کے حوالے سے فیصلہ کرنے میں آسانی ہوگی،ان کا مزید کہناتھا کہ ٹیسٹ سیریز لمبے فارمیٹ کا گیم ہے اوراتنے لمبے عرصے کے لیے کھلاڑیوں کو ایک ہی جگہ نہیں رکھا جاسکتا،تاہم معاملات ابھی چل رہے ہیں ٹی ٹوئنٹی سیریز کے بعد کوئی حتمی فیصلہ کیاجائے گا۔ واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چئیر مین احسان مانی نے گزشتہ پاک سری لنکا ٹیسٹ سیریز کے اختتام پرپریس کانفرنس کرتے ہوئے دو ٹوک الفاظ میں کہا تھاکہ پاکستان اب ہوم سیریز نیوٹرل مقام پر نہیں کھیلے گا، بنگلادیش کو ثابت کرنا ہوگا کہ پاکستان محفوظ ملک نہیں ہے۔ پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے سری لنکن ٹیم کا شکریہ ادا کیا کہ ان کی آمد سے پاکستان میں دس سال بعد ٹیسٹ کرکٹ کی واپسی ہوئی۔انہوں نے کہا کہ اس دورے سے دنیا میں یہ پیغام گیا ہے کہ اب پاکستان انٹرنیشنل کرکٹ کے لیے ایک محفوظ ملک ہے۔”سری لنکا کا پاکستان آکر ٹیسٹ میچ کھیلنا ہماری بڑی کامیابی ہے جب کہ راولپنڈی اور کراچی میں ٹیسٹ میچ ہونا ٹرننگ پوائنٹ ہے۔”انہوں نے بتایا کہ پی سی بی بنگلا دیش کرکٹ بورڈ سے رابطہ میں ہے اور امید ہے کہ وہ پاکستان نہآنے کی کوئی وجہ نہیں ڈھونڈیں گے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر بنگلادیش کی ٹیم نہیں آئی تو معاملہ آئی سی سی ڈسپیوٹ میں بھی جاسکتا ہے لیکن فی الحال بات چیت جاری ہے اس لیے مزید تبصرہ نہیں کرسکتے۔احسان مانی نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے معاملات میں کسی کی مداخلت شامل نہیں۔ میرا خود سلیکشن کمیٹی کے معاملات میں عمل دخل نہیں ہے۔
