اسلام آباد (جسارت نیوز) سائوتھ ایشین تائیکوانڈو فیڈریشن کے صدر عمر سعید پاکستان کو انٹرنیشنل تائیکوانڈو کے ایونٹس کی میزبانی ملنا بڑے اعزاز کی بات ہے اور ملک میں تائیکوانڈو کے کھیل کے فروغ کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز پاکستان تائیکوانڈو فیڈریشن کے صدر کرنل (ر) وسیم احمد جنجوعہ اور سیکرٹری جنرل مرتضیٰ حسن بنگش کے ہمراہ پاکستان اسپورٹس بورڈ کے میڈیا سنٹر میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ کرنل ( ر) وسیم احمد جنجوعہ نے کہا کہ پاکستان کیلئے کھیلوں کی دنیا سے ایک اور اعزاز ملا ہے کہ سائوتھ ایشین تائیکوانڈو فیڈریشن کی صدارت پاکستان کو مل گئی، پاکستان کے عمر سعید سائوتھ ایشین تائیکوانڈو فیڈریشن کے متفقہ طور پر صدر منتخب ہوئے ہیں اور پوری تائیکوانڈو فیملی اور قوم کی طرف سے عمر سعید کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ سال تائیکوانڈو کے انٹرنیشنل ایونٹ پاکستان میں منعقد کریں گے، اس سال پاکستان نے 17 بین الاقوامی ایونٹس میں شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ ہم تائیکوانڈو کے فروغ کیلئے پروگرامز ترتیب دیں گے اور سائوتھ ایشین پلیٹ فارم سے انٹرنیشنل ایتھلیٹس کو پاکستان بلائیں گے۔ عمر سعید نے کہا کہ پاکستانی جونئیر اتھلیٹس کو ٹریننگ کیلیے بیرون ملک بھیجیں گے اورسائوتھ ایشین ریجن میں باہمی تعاون بڑھائیں گے، آئندہ برس اکتوبر میں پاکستان اوپن جی ون تائیکوانڈو ٹورنامنٹ کرائیں گے جس کی عالمی تنظیم نے منظور ی دے دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ سال سیف چیمپئن شپ بھی پاکستان میں ہو گی، عمر سعید نے کہا کہ ماضی میں ملکی اور بین الاقوامی سطح پر پاکستان میں تائیکوانڈو کے فروغ کیلئے اقدامات کیے ہیں اور سال 2019ء تائیکوانڈو کیلیے بہترین تھا، پاکستان کے کھلاڑیوں نے متعدد میڈیلز اپنے نام کیے، انہوں نے کہا کہ ہر سال نئے کھلاڑی آتے ہیں، ہماری کوشش ہے کہ ان کی تربیت کے ساتھ ملک میں اور بین الاقوامی سطح پر ان کو کھیلنے کا موقع فراہم کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہم بین الاقوامی کھلاڑیوں کو پاکستان بلارہے ہیں، ہم اپنے کھلاڑیوں کو تیاری کیلیے نیپال بھیج رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ کوریا کی نسبت نیپال میں کھلاڑیوں کی تربیت پر لاگت کم آتی ہے، نیپال کی تائیکوانڈو ٹیم اور ٹرینرز دنیا میں مشہور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیف چیمپئن شپ کی بھرپور تیاری جاری ہے، دیگر اولمپک کھیلوں میں پاکستان کی نمائندگی کیلیے اقدامات جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی کھیلوں میں پاکستان کی نمائندگی کم ہے، پاکستان چین میں اپریل 2020ء میں کھیلے جانے والے اولپمک کوالیفیکیشن راونڈ میں شرکت کرے گا، انہوں نے کہا کہ سائوتھ ایشین تائیکوانڈو فیڈریشن کے صدر کے انتخاب پر بھارت اور نیپال دونوں نے حمایت کی اورسائوتھ ایشین تائیکوانڈو فیڈریشن کی صدارت کا موقع ہر ملک کو باری باری ملے گا اور سب نے متفقہ طور پر میرے نام پر اتفاق کیا۔
