اسلام آباد (جسارت نیوز) قومی اسمبلی کی کمیٹی برائے بین الصوبائی رابطہ نے نیپال میں ہونے والی سائوتھ ایشین گیمز میں قومی کھلاڑیوں کی کارکردگی کو سراہا ہے، کمیٹی نے بلوچستان میں نیشنل گیمز کے انعقاد کی بھی تجویز دی ہے تاکہ ملک بھر میں کھیلوں کی سرگرمیوں میں فروغ مل سکے۔ کمیٹی کا اجلاس منگل کو کمیٹی کے چیئرمین آغا حسن بلوچ کی صدارت میں پاکستان سپورٹس بورڈ اسلام آباد کے کمیٹی روم میں منعقد ہوا ۔ اجلاس میں رکن قومی اسمبلی گل داد خان، محبوب شاہ ،چوہدری ذوالفقار علی، گل ظفر خان سمیت بین الصوبائی رابطہ اور متعلقہ اداروں کے افسران نے شرکت کی۔ کمیٹی نے حال ہی میں نیپال کے شہر میں کھٹمنڈو میں ہونے والے سائوتھ ایشین گیمز میں 33 طلائی، 41 سلور اور 60 کانسی کے تمغے جیتنے پر پاکستانی کھلاڑیوں کی کارکردگی کو سراہا۔ کمیٹی نے کہا کہ قومی کھلاڑیوں میں بھر پور صلاحیت موجود ہے۔ کمیٹی نے بین الصوبائی رابطہ کو ہدایت کی ہے کہ کھلاڑیوں کیلیے اولمپکس اور دیگر اسپورٹس ایونٹس کا انعقاد کیا جائے تاکہ وہ مزید میڈلز حاصل کر سکیں۔ کمیٹی نے بلوچستان میں نیشنل گیمز کے انعقاد کی تجویز دی ہے کہ ملک بھر میں کھیلوں کی سرگرمیوں کو فروغ حاصل ہو سکے تاہم انہوں نے بین الصوبائی رابطہ کو ہدایت کی کہ وہ گونگے بہرے خصوصی بچوں کے لئے بھی کھیلوں کے مقابلے کا انعقاد کرے۔ کمیٹی نے نیشنل انٹرن شپ پروگرام (این آئی پی) کو بھی سراہا اور وزارت بین الصوبائی رابطہ کو ہدایت کی کہ وہ ضلعی سطح بالخصوص دیہی اور دور دراز علاقوں میں آگاہی پروگرام کا انعقاد کریں تا کہ دور دراز علاقوں کے وہ طلباء جنہیں انٹرن شپ کی سہولت نہیں دی گئی وہ بھی اس پروگرام سے مستفید ہو سکیں۔
