میرٹ روڈ کھوڑی گارڈن ٗ پلاسٹک مارکیٹ اور اطراف کے علاقوں میں کھاراد ر پولیس اہلکاروں نے دکانداروں سے پیسوں کا مطالبہ کردیا
پولیس ٹھیلے اور پتھاروں کو ہٹانے کے بجائے تنگ کررہی ہے ٗ رشوت نہ دینے پر دکانداروں کو تھانے لے جا کہ ہتک آمیز رویہ اور گالم گلوچ کی جاتی ہے ٗ تاجروں کا الزام
کراچی ( کامرس رپورٹر)کراچی میں انسداد تجاوزات آپریشن جو سپریم کورٹ کی ہدایت پر شروع ہوا۔کے ایم سی، ڈی ایم سی و دیگر اداروں کے ساتھ کراچی پولیس چیف کی ذاتی دلچسپی اور سخت ہدایات کے باعث آپریشن کے مثبت نتائج آنا شروع ہوئے لیکن ساتھ ساتھ کراچی پولیس کے چند راشی افسران جنھیں یہ آپریشن ایک آنکھ نہیں بھا رہا اس آپریشن کو سبوتاژ کرنے کی کوششیں شروع کردی ہیں، شہر کے اکثر علاقوں سے تاجروں کی شکایات ہیں کہ پولیس ٹھیلے پتھاروں کو ہٹانے کے بجائے دکانداروں کو تنگ کر رہی ہے۔ میریٹ روڈ کھوڑی گارڈن پلاسٹک مارکیٹ اور اطراف کے علاقوں میں ہول سیل مارکیٹیں واقع ہیں جہاں سارا دن مال کی خرید و فروخت جاری رہتی ہے جہاں دکاندار گاہک کو دینے کے لیے کارٹن دکان سے باہر رکھتے ہیں، کھارادر پولیس اہلکار دکانداروں اور مال تھانے لے جاتے ہیں اگر پیسے نہ دیے جائیں تو فوری ایف آر درج کرلیتے ہیں اس کے بعد بھی پیسوں کا مطالبہ شروع ہوجاتا ہے دکانداروں سے ہتک آمیز رویہ اور گالم گلوچ کی جاتی ہے دوسری طرف ٹھیلوں پتھاروں سے کیونکہ لاکھوں روپے کی آمدنی ہے وہ علاقہ پولیس کو نظر نہیں آتے۔ ازراہ کرم ایڈیشنل آئی جی کراچی، ڈی آئی جی سائوتھ، ایس ایس پی سٹی فوری نوٹس لے کر اربوں روپے ٹیکس دینے والے دکانداوں کے تحفظات دور کریں اور ان کرپٹ افسران و اہلکاروں کے خلاف سخت کاروائی کریں اور خود اس علاقے کا بغیر اطلاع دورہ کرکے صورتحال کا جائزہ لیں۔

