کراچی: سوئی سدرن گیس کمپنی نے سسٹم میں گیس پریشر میں کمی کو جواز بناتے ہوئے سی این جی اسٹیشنز کو گیس کی بندش کا درانیہ مزید 24 گھنٹے بڑھا دیا۔ ترجمان ایس ایس جی سی کے مطابق گھریلو صارفین کو گیس کی فراہمی میں مشکلات کے پیش نظر اب صوبے بھر کے سی این جی اسٹیشنز کو بدھ کی رات 8 بجے گیس فراہمی بحا ل کیے جانے کا امکان ہے۔
قبل ازیں ایس ایس جی سی نے منگل کی رات 8 بجے سی این جی اسٹیشنز کو گیس کی فراہمی بحال کرنے کا عندیہ دیا تھا جو اب بدھ کو کھلیں گے، صوبے بھر میں سی این جی اسٹیشنز مسلسل چار روز سے ہفتہ کی رات آٹھ بجے سے بند ہیں جب کہ گزشتہ آٹھ دنوں میں محض 21 گھنٹے سی این جی فراہم کی جاسکی ہے۔ دوسری جانب گیس کی مسلسل بندش پر سی این جی اسٹیشنز مالکان کا ضبط جواب دے گیا اور سی این جی اسٹیشن مالکان نے آج ہر صورت میں ازخود سی این جی فلنگ اسٹیشنز کھولنے کا اعلان کیا ہے۔

