کراچی(اسٹاف رپورٹر) سر ی لنکا کے کامیاب دورہ پاکستان کے بعد بنگلا دیش کی جانب سے پاکستان میں ٹیسٹ سیریز کھیلنے کے حوالے سے حیلے بہانے اختیار کرنے پر قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان اظہر علی بھی میدان میں کود پڑے ۔قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان اظہر علی کا کہنا ہے کہ سری لنکا کے کامیاب دورے کے بعد بنگلادیش کا ٹیسٹ سیریز کیلئے پاکستان نہ آنا سمجھ سے باہر ہے، آئی سی سی کو اس پر ایکشن لینا چاہیئے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان کی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان کا کہنا تھا کہ اگر کرکٹ بورڈز ہی ایک دوسرے کی مدد نہیں کریں گے تو کرکٹ کا کیا ہوگا۔انہوں نے مزید کہا کہ بنگلادیش کے پاس اب پاکستان آنے سے انکار کی کوئی وجہ نہیں ہے، آئی سی سی اس معاملے کو دیکھے۔ٹیسٹ ٹیم کے کپتان کا کہنا تھا کہ کراچی ٹیسٹ میں کم بیک کرنے کا کریڈٹ اوپنرز کو جاتا ہے۔ اظہرعلی نے مزید کہا کہ ایک سیریز جیتنے سے سب کچھ حاصل نہیں کرلیا، اب بھی محنت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو زیادہ ٹیسٹ میچز ملنے چاہئیں، کراچی ٹیسٹ میں پرفارم کرنے پر خوش ہوں۔واضح رہے کہ گزشتہ روز بنگلادیش کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نظام الدین نے صحافیوں سے گفتگو میں دورہ پاکستان کے حوالے سے بات چیت کرتے ہوئے کہاتھا کہ پہلے ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلیں گے اس کے بعد سیکورٹی معاملات کے جائزہ لے کر ٹیسٹ سیریز کے حوالے سے کوئی لائحہ عمل طے کیاجائے گا،ابھی اس سلسلے میں کچھ کہنا قبل از وقت ہے ۔ دوسری طرف چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے واضح کیا تھا کہ پاکستان نیوٹرل مقام پر نہیں کھیلے گا،ہوم سیریز ہوم گرائونڈ پر ہی کھیلی جائیں گی۔ اگر اس سلسلے میں کسی کو سیکورٹی کا مسئلہ ہے تو وہ ہم سے بات کرے ۔ جب کہ بنگلادیش کے حوالے سے ان کا کہناتھا کہ بنگلادیش کرکٹ بورڈ اگر پاکستان میں سیکورٹی معاملات سے مطمئن نہیں تو ثا بت کرے ۔
