لاہور (جسارت نیوز)پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان عامر سہیل نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو اوپننگ بلے باز عابد علی کے بارے میں خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جلد یا بدیر بولرز عابد علی کی خامیاں جان لیں گے اور پھر ان کیلئے کارکردگی دکھانا چیلنج ثابت ہو گا۔ انہوں نے کراچی ٹیسٹ میچ کی دوسری اننگز میں 174 رنز کی عمدہ اننگز کھیل کر میچ اور سیریز جیتنے میں کلیدی کردار ادا کیا۔عامر سہیل کا کہنا ہے کہ ’’عابد علی پاکستان کیلئے تازہ ہوا کا جھونکا ثابت ہوئے ہیں لیکن میں اس موقع پر انہیں خبردار کرنا چاہوں گا کہ جلد یا بدیر حریف بولرز ان کی خامیاں جان لیں گے۔ مجھے ان کی صلاحیتوں اور صبر پر کوئی شک نہیں جس کا ثبوت انہوں نے 2 سنچریاں اسکور کر کے دیا۔ لیکن اب انہیں حالیہ کامیابی کے سحر سے باہر نکل کر خود کیساتھ مخلص ہونا پڑے گا، انہیں خود پر یہ غور کرنے کی ضرورت ہے کہ وہ کن شعبوں میں کمزور ہیں اور کیسے بہتر ہو سکتے ہیں۔ اگر عابد علی نے خود پر کام کیا تو وہ اپنی تکنیک اور برداشت کے بل بوتے پر بہت آگے جائیں گے۔‘‘عامر سہیل نے مڈل آرڈر بیٹسمین بابراعظم کی بھی تعریف کی اور کہا ’’میرے لئے بابراعظم کھلاڑیوں کیلئے ایک مثال ہیں جنہیں ہم نے اپنی آنکھوں کے سامنے ایک بہترین بلے باز میں تبدیل ہوتے دیکھا۔ وہ مسلسل آگے بڑھ رہے ہیں اور ہر مرتبہ میدان میں اترنے پر کچھ سیکھتے ہیں لیکن میرے خیال سے اب انہیں اس بات پر توجہ دینی چاہئے کہ میدان میں زیادہ سے زیادہ دیر تک کیسے ٹھہرنا ہے۔‘‘
