ایک ادارہ بناتا اور دوسرا دوسرے دن کھدائی کر دیتا ہے، یہ ایک ہی چھت کے نیچے کام کرتے ہیں
وزارت دفاع سے 4 جگہ سے مسافر بحری جہاز چلانے کے این او سی مانگے ہیں‘وفاقی وزیر بحری امور
حج اور عمرے کے لیے سمندری سفر سے اخراجات میں کمی آئے گی ‘نجی ٹی وی چینل سے بات چیت
کراچی (اسٹاف رپورٹر) وفاقی وزیر برائے بحری امور علی زیدی نے کہا ہے کہ کراچی کو ٹھیک کیے بغیر معیشت ٹھیک نہیں ہوسکتی۔ کراچی میں جو نظام ہے اس کو بھی ٹھیک کر رہے ہیں۔ ایک ادارہ بناتا ہے اور دوسرا ادارہ دوسرے دن کھدائی کر دیتا ہے، یہ ادارے ایک ہی چھت کے نیچے کام کرتے ہیں۔ مسافر بحری جہاز چلانا چاہتے ہیں اور حج اور عمرے کے لیے سمندری سفر سے اخراجات میں کمی آئے گی،پڑوسی ملک میں جو ہو رہا ہے وہ سب جانتے ہیں، پاکستان میں ریاست مدینہ کا نظام لانا چاہتے ہیں، قائد نے جو خواب دیکھا تھا اسے 2020 میں پورا کریں گے۔نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ وزیر اعظم کا کراچی کا دورہ خوش آئند ثابت ہوگا، وزیر اعظم ارکان صوبائی و قومی اسمبلی سے ملاقاتیں کریں گے۔علی زیدی نے کہا کہ دنیا کے پرانے روٹس سمندر کے ہیں، وزارت دفاع سے 4 جگہ سے مسافر بحری جہاز چلانے کے این او سی مانگے ہیں۔ نجی شعبے کو بھی سمندری جہاز چلانے کی دعوت دیں گے۔ میرین سیکٹر بھی نجی شعبے کے لیے کھولنا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حج اور عمرے کے لیے سمندری سفر سے اخراجات میں کمی آئے گی، کربلا جانے والے زائرین بھی بسرا سے ٹرین میں جا سکتے ہیں۔

