گورنر سندھ نے اگر ایسا کہا ہے کراچی کے مسائل حل کرنا وزیراعظم کی ذمے داری نہیں تو اس کا جواب عوام دیں گے
دورہ کراچی کے موقع پر وزیراعظم نے ملاقات کی دعوت دی تو ضرور جائیں گے ‘مزار قائد پر حاضری ‘ میڈیا سے گفتگو
کراچی (اسٹا ف رپورٹر) میئرکراچی وسیم اختر نے 25 دسمبر کو قائد اعظم محمد علی جناحؒ کے یوم ولادت کے موقع پر کراچی کے شہریوں کی جانب سے مزار قائد پر پھولوں کی چادر چڑھائی، فاتحہ خوانی اور مہمانوں کی کتاب پر تاثرات درج کیے۔ڈپٹی میئر کراچی سید ارشد حسن، میٹروپولیٹن کمشنر ڈاکٹر سید سیف الرحمن اور دیگر بھی ان کے ساتھ تھے۔ میئر کراچی وسیم اختر نے بعد ازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ قائد کی سالگرہ کے موقع پر ہمیں تجدید عہد کرنا چاہیے کہ ماضی کی غلطیوں کو بھلا کر آگے بڑھیں گے تاکہ ملک ترقی کرے۔ایک سوال کے جواب میں میئرکراچی نے کہا کہ گورنر سندھ نے اگر ایسا کہا ہے کہ کراچی کے مسائل حل کرنا وزیراعظم کی ذمے داری نہیں تو اس کا جواب کراچی کے عوام دیں گے۔انہوں نے کہا کہ دورہ کراچی کے موقع پر وزیراعظم نے ملاقات کی دعوت دی تو ضرور جائیں گے تاہم کراچی کے مسائل پر اس سے پہلے بھی متعدد بار بریفنگ دے چکا ہوں۔انہوں نے کہا کہ ملک کی ترقی اور قوم کی خوش حالی کے لیے ہمیں وفاقی و صوبائی سطح پر قائد اعظم کے اقوال کی روشنی میں پالیسیاں بنانی چاہیے۔افسوس کہ ہم قائد کے اقوال کو بھول چکے جس کی وجہ سے ہم ترقی نہیں کر پائے، اللہ تعالیٰ ہمیں قائد اعظم کے اقوال پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔میئر کراچی نے کہا کہ پوری قوم قائد اعظم کی سالگرہ منارہی ہے۔ مگر صرف قائد کے مزار پر پھولوں کی چادر چڑھانے سے ہماری ذمے داری پوری نہیں ہو جاتی ہماری اصل ذمے داری قائد کے اقوال پر عمل کرنا ہے۔ جن مقاصد کے حصول کے لیے قائد نے یہ ملک حاصل کیا تھا ہم اس منزل تک نہیں پہنچے۔

