کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری جنرل عامر محمود کیانی کراچی پہنچے، وہ صوبے بھر میں تنظیم سازی اور وکلا ونگ کی ازسرنو تشکیل کے مشن پر کام کریں گے۔ عامر محمود کیانی دورہ سندھ کے دوران سندھ بھر کے وکلا ونگز سے ملاقات اور ڈویژنل بارز سے خطاب کریں گے۔ مرکزی سیکرٹری جنرل عامر محمود کیانی نے گورنر سندھ عمران اسماعیل سے بھی خصوصی ملاقات کی، سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سابق صدر امان اللہ کرنانی بھی ملاقات میں موجود تھے، ملکی سیاسی صورتحال، تنظیمی معاملات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال اور انصاف لائرز فورم کی تنظیم نو کے حوالے سے اہم امور پر خصوصی گفتگو بھی ہوئی۔

