
کراچی(اسٹاف رپورٹر)سر ی لنکا کے خلاف تاریخی سیریز میں شاندار کامیابی کے بعد قومی اسٹارز قائد اعظم ٹرافی کے فائنل میں جلوہ گر ہوں گے،ایونٹ کا فائنل سینٹرل پنجاب اور ناردرن کے مابین آج سے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں شروع ہوگا۔فائنل میں قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان اظہر علی اورمڈل آرڈر بیٹسمین بابر اعظم سینٹرل پنجاب کی نمائندگی کریں گے،دوسری طرف قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے کپتان روحیل نذیر اور اوپنر حیدر علی ناردرن کی اسکواڈ کا حصہ ہیں۔پاکستان کیپریمیر کرکٹ ٹورنامنٹ کا فائنل پانچ روز تک جاری رہے گاجو27 سے 31 دسمبر تک نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا۔ فائنل میں کامیابی حاصل کرنے والی ٹیم نہ صرف پی سی بی کے ازسر نو ترتیب دیے گئے ڈومیسٹک اسٹرکچر کے پریمیئر ٹورنامنٹ کی پہلی فاتح ہوگی بلکہ وہ چمچماتی ٹرافی کی حقدار بھی ٹھہرے گی۔ٹورنامنٹ کی فاتح ٹیم کو ایک کروڑ روپے اور رنرزاپ کوپچاس لاکھ روپے کی انعامی رقم دی جائے گی۔قائداعظم ٹرافی میں سینٹرل پنجاب اور ناردرن کا سفر انتہائی دلچسپ رہا۔ اس دوران پوائنٹس ٹیبل پر دونوں ٹیموں کے درمیان صرف تین پوائنٹس کا فرق رہا۔آخری راؤنڈ کے اختتام پر سینٹرل پنجاب 133 پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر پہلے جبکہ ناردرن 130 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہی۔فائنل میں ناردرن کی ٹیم راؤنڈ میچز میں شکست کا بدلہ لینے کے لیے بے قرار ہوگی کیونکہ اس سے قبل دونوں ٹیمیں 2 مرتبہ ایونٹ میں ایک دوسرے کے مدمقابل آچکی مگر دونوں میچوں میں فتح کی دیوی سینٹرل پنجاب پر مہربان رہی ہے۔27دسمبر سے شروع ہونے والا ایونٹ کااہم ترین مقابلہ ٹین اسپورٹس اور پی ٹی وی اسپورٹس پر براہ راست نشر کیا جائے گا۔سنٹرل پنجاب کو ایونٹ کے دس میں سے تین میچوں میں کامیابی اور ایک میں شکست کا سامنا کرنا پڑا جبکہ پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن پر براجمان، سنٹرل پنجاب کی ٹیم کے باقی چھ میچز بے نتیجہ ختم ہوئے۔
