اسلامی ممالک کی پہلی وزیراعظم کا ملکی ترقی میں اہم کردار ہے
کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی 12 ویں برسی کے موقع پر اپنے ایک پیغام میں کہا ہے کہ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو نے آج کے دن یعنی 27 دسمبر 2007ء کو لیاقت باغ راولپنڈی میں جام شہادت نوش کیا۔ محترمہ شہید کی ساری زندگی جمہوریت کے فروغ اور اس کی آبیاری اور اپنے والد شہید ذوالفقار علی بھٹو کے وژن اور پارٹی کو سنبھالنے اور اسے آگے بڑھانے میں صَرف ہوئی۔ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی قربانیوں کی بدولت ہی آج ملک میں جمہوریت ہے۔ محترمہ شہید نے ملک میں میثاق جمہوریت کی داغ بیل ڈالی اور آج ان ہی کی قربانیوں اور جدوجہد کے نتیجے میں ملک میں جمہوریت قائم و دائم ہے۔ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو دختر مشرق اسلامی ممالک میں پہلی خاتون وزیراعظم تھیں جنہوں نے اس ملک کی ترقی اور خوشحالی میں نمایاں کردار ادا کیا اور متعدد انقلابی اقدامات کیے۔ محترمہ بے نظیر بھٹو نے ہی سب سے پہلے تھر کے کوئلے سے استفادہ کرنے کی بات کی کیونکہ انہیں اپنے ملک کی توانائی کی ضرورتوں کا پتا تھا اسی لیے انہوں نے تھر کے کوئلے کی ترقی اور اس سے بجلی پیدا کرنے کا سوچا اور آج الحمدللہ پاکستان پیپلز پارٹی نے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور صدر آصف زرداری کی ولولہ انگیز قیادت میں شہید بی بی کے اس خواب کو حقیقت کا روپ دیا اور کوئلے سے بجلی کی پیداوار کا آغاز کرکے اس ملک کے اندھیروں کو دور کیا۔

