عمران خان میڈیا میں بیٹھے مافیا کی بات کررہے، ان کو اپنے ساتھ بیٹھا مافیا نظرنہیں آتا؟ سینئر تجزیہ کار
حضور! میڈیا وہی مافیا ہے جو 126دن تک آپ کے دھرنے کو براہ راست دکھاتا رہا‘ نجی ٹی وی پر تبصرہ
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) سینئر تجزیہ کار اور صحافی عارف نظامی نے کہا ہے کہ وزیراعظم صحافیوں کوبلیک میل نہ کریں، صحافی مافیا کے نام بتائیں، عمران خان میڈیا میں بیٹھے مافیا کی بات کررہے،ان کو اپنے ساتھ بیٹھا مافیا نظر نہیں آتا؟ حضور! میڈیا وہی مافیا ہے جو 126دن تک آپ کے دھرنے کو براہ راست دکھاتا رہا۔ عارف نظامی نے کہا کہ اصل میں ان کا مسئلہ یہ ہے کہ ان کو بڑے مخصوص قسم کے صحافی چاہئیں، جو مشیر بھی بنتے ہیں ، وہ ان کی بڑی تعریفیں کرتے ہیں، یہ مسئلہ نوازشریف کو بھی تھا۔انہوں نے کہا کہ عمران خان بتائیں کن صحافیوں نے پیمنٹ لی ،کون سے صحافی مافیا ہیں، اس طرح صحافیو ں کو بلیک میل نہ کیا جائے۔انہوں نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں وزیراعظم کی جانب سے صحافیوں کو مافیا کہنے اور دوسرے امور پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ شاید ہم وہ دن بھی دیکھیں گے جب حکومت اور اپوزیشن ملکر مزار قائد پر جائیں گے اور عہد کریں گے کہ ہم ملکر ان کی اساس کو آگے بڑھائیں گے۔جنرل باجوہ نے جو بات کی ہے کہ وہ بھارت میں ظلم کے تناطر میں کی ہے، جنرل باجوہ نے دونظرئیے بارے اچھی بات کی ہے کہ بھارت میں آج جو کچھ ہورہا ہے اس سے قائد اعظم کے دونظریے کے مئوقف پر مہر ثبت ہوئی ہے، اگرچہ ہمیں کسی کے سرٹیفکیٹ کی ضرورت نہیں ہے کہ انڈیا میں ظلم ہوگا توہم کہیں گے دونظریہ ہے، دوقومی نظریہ اس وقت بھی ٹھیک تھا آج بھی ٹھیک ہے۔دوقومی نظریے کا مطلب یہ بھی ہے کہ پاکستان کے عوام قائد اعظم کے افکار کے مطابق، جیواور جینے دوکی پالیسی کے مطابق، اقلیتوں کے ساتھ اچھا سلوک ہو، انسانی حقوق کا تحفظ ہو، عدلیہ آزاد ہو، پارلیمانی روایات کو پروان چڑھایا جائے، میڈیا آزاد ہو، پاکستان اس لیے بنا تھا کہ ہم ہندوکے تسلط سے آزاد ہوکر ہم مساوی قانون بنائیں۔ لیکن یہاں جو سب سے زیادہ پاکستان کے حامی ہیں، وہ غربت کی چکی میں پس رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایف آئی اے کا سربراہ واجد ضیاء کو لگا دیا گیا ہے، اب ایف آئی اے کو بھی نیب کی طرح سیاسی مقاصد کیلئے استعمال کیا جائے گا۔

