English Al Qamar Urdu جون 23, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

ایف بی آر کی جانب سے ٹرن اوور ٹیکس کا نوٹیفیکیشن جاری

القمر

اسلام آباد (آن لائن) فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی خصوصی کمیٹی برائے تعین شرح نے ٹرن اوور ٹیکس کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا، کم منافع رکھنے والے سیکٹرز کے ٹرن اوور ٹیکس کا از سرِ نو تعین کیا جائے گا، ٹرن اوور ٹیکس کا تعین تاجر نمائندہ تنظیموں کے ساتھ مشاورت کے بعد ہو گا۔ ایف بی آر کے مطابق 30 اکتوبر 2019 کوایف بی آر کے تاجر تنظیموں کے ساتھ ہونے والے معاہدے کی روشنی میں کم منافع رکھنے والے سیکٹرز کے ٹرن اوور ٹیکس کا از سرِ نو تعین کیا جائے گا، اس حوالے سے ایف بی آر کی جانب سے ایک خصوصی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے، کمیٹی میں ایف بی آر کی جانب سے کمیٹی کے کنوینر چیئرمین ممبر پالیسی ڈاکٹر حامدہوں گے، ڈائریکٹر جنرل (ریٹیل) طارق حسین شیخ اور3 چارٹڈ اکاؤنٹنٹ شامل ہیں جبکہ تاجر تنظیموں کی طرف سے محمد اجمل بلوچ، محمد نعیم میر، خواجہ سلمان صدیقی، محمد کاشف چودھری شامل ہیں جو کہ چھوٹے کاروباری سیکٹرز کے ٹرن اوور ٹیکس کے حوالے سے نئی پالیسیاں ترتیب دیں گے۔ دونوں طرف سے آنے والی گزارشات اوراعدادو شمار کی روشنی میں کم منافع رکھنے والے سیکٹرز کے شرح ٹرن اوور ٹیکس کا تعین کیا جائے گا، کمیٹی اپنے کام کی انجام دہی میں مختلف سب کمیٹیاں بھی تشکیل دے گی، ہر کمیٹی میں مطلوبہ ٹریڈ کے 2 نمائندے شامل ہوں گے جو کہ کم منافع رکھنے والے سیکٹرز کے ٹرن اوورٹیکس کے تعین میں اپنی سفارشات پیش کریں گے۔ دوسری جانب آل پاکستان انجمن تاجران کے سیکرٹری جنرل نعیم میر کا کہنا ہے کہ کمیٹی کا قیام 30 اکتوبر کے معاہدے کے مطابق ہوا ہے، کم منافع رکھنے والے سیکٹرز کمیٹی ممبران سے رابطہ کر کے ٹرن اوور ٹیکس کا از سر نو تعین کروا سکیں گے، لیکن ٹرن اوور ٹیکس کم کروانے والے سیکٹرز کو کم منافع کے ثبوت دینا ہوں گے۔
ایف بی آر

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے