کراچی: وزیرِ اطلاعات سندھ سعید غنی کا وفاقی وزیر عمر ایوب کے الزام کے جواب میں کہنا ہے کہ گیس کے بحران کی ذمہ دار وفاقی حکومت ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ سندھ ہی نہیں، ملک بھر میں گیس کا بحران ہے، سندھ اور ملک کے دیگر حصوں میں گیس بحران کی ذمہ دار وفاقی حکومت ہے۔
سعید غنی نے کہا کہ سندھ سب سے زیادہ گیس دیتا ہے، پھر گیس فراہمی کیوں کم ہے، عمر ایوب کو سندھ کے لیے گیس کی فراہمی کا معاملہ اٹھانا برا لگ رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی وزیر عمر ایوب جس منصوبے کا حوالہ دے رہے ہیں، اس بارے میں حکومت سندھ سے بات نہیں ہوئی۔
صوبائی وزیر نے یہ بھی کہا کہ ایک بار پھر بجلی مہنگی کر دی گئی ہے، کراچی والوں پر بھی بوجھ ڈالا گیا ہے، حکومت کی نااہلی کے باعث عوام کی زندگی مشکل میں ہے۔ واضح رہے کہ وفاقی وزیر پٹرولیم عمر ایوب خان نے کراچی میں سدرن گیس کمپنی (ایس ایس جی سی) کے دفتر کے دورے کے موقع پر الزام عائد کیا تھا کہ سندھ میں گیس بحران صوبائی حکومت کا پیدا کردہ ہے۔

