گورنر سندھ سے ملاقات میں اتحادی جماعتوں نے تحفظات کا اظہار کردیا، سرکاری محکموں میں من پسند لوگوں کو بٹھایا جارہا ہے، مظفر حسین شاہ
وفاقی حکومت سندھ کے مسائل حل کرے، ایم کیو ایم کا مطالبہ، وزیر اعظم نے کمیٹی بنادی ہے، عمران اسماعیل کی یقین دہانیاں
کراچی (اسٹاف رپورٹر)گورنرسندھ عمران اسماعیل اوروفاقی وزرا سے ایم کیو ایم پاکستان اور گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کے وفود نے ملاقات کی۔ کراچی سمیت سندھ بھر کے ترقیاتی منصوبوں ، اتحادی جماعتوں کے تحفظات سمیت دیگرامورپرتبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر وزیر دفاع پرویز خٹک اور وفاقی وزیر برائے توانائی عمر ایوب بھی موجود تھے۔جی ڈی اے کے وفد نے گورنرسندھ اوروفاقی وزراء کو سندھ کے مسائل سے آگاہ کیا اورموقف اختیارکیا کہ سندھ مسائلستان بن چکا ہے اورسندھ کے باسی بجلی اور گیس کی لوڈشیڈنگ سے تنگ آگئے ہیں۔اس موقع پرڈاکٹر فہمیدہ مرزا کا کہنا تھا کہ ٹڈی دل نے سندھ کے بیشتر اضلاع میں تباہی مچا دی ہے، سندھ کے مسائل کے حل کے لیے وفاق اپنا کردار ادا کرے۔جی ڈی اے کے رہنما سید مظفرحسین شاہ کا کہنا تھا کہ سندھ میں سرکاری محکموں کی کارکردگی سوالیہ نشان بن چکی ہے،سرکاری محکموں میں من پسند لوگوں کو بٹھایا گیا ہے۔گورنرسندھ نے کہاکہ وزیراعظم نے سندھ کے مسائل حل کرنے کے لیے کمیٹی بنائی ہے،وزیراعظم کو سندھ کے مسائل پر خصوصی بریفنگ دیں گے،ا18ویں ترمیم کے بعد یہ اب سندھ حکومت کی ذمے داری ہے کہ وہ عملی اقدامات کرے اورسندھ کے مسائل کو حل کرے۔ گورنرہاؤس میں ایم کیو ایم پاکستان کے وفد نے بھی گورنرسندھ عمران اسماعیل ،پرویز خٹک ،عمر ایوب اور جہانگیر ترین سے ملاقات کی۔ ایم کیو ایم کے وفد میں خواجہ اظہار الحسن ، فیصل سبزواری، میئر کراچی وسیم اختر، ڈپٹی کنوینر کنور نوید اور رکن قومی اسمبلی امین الحق شامل تھے۔ایم کیو ایم کے وفد نے صوبہ بالخصوص کراچی میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی گفتگوکی اور وفد نے کراچی میں عوام کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔وفد نے کراچی سولڈ ویسٹ مینجمنٹ کے حوالے سے پائی جانے والی تشویش سے بھی گورنر سندھ کو آگاہ کیا، ملاقات میں حیدرآباد یونیورسٹی کے قیام کے عمل کو تیز کرنے کے اقدامات پر بھی زور دیا گیا۔ایم کیو ایم کے وفد نے سندھ کے لیے ایک جامع پیکیج متعارف کرانے کا بھی مطالبہ کیا۔ اس موقع پرگورنرسندھ کا کہنا تھا کہ کے فور منصوبے کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لیے بھرپور اقدامات شروع کردئیے گئے ہیں،وفاق کی جانب سے کراچی کے لیے ترقیاتی پیکیج سے عوام کو سہولیات حاصل ہوں گی،وزیر اعظم پاکستان سے مسلسل رابطہ میں ہوں ،شہر کے اسٹیک ہولڈرز سے کی جانے والی مشاورت سے بھی وزیر اعظم کو آگاہ کیا جارہا ہے،صوبہ بالخصوص شہر کے وسیع تر مفاد کے لیے ہم سب کو مل کر کام کرنا ہوگا۔

