اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک ) اسلام آباد کی ایف 7 سپر مارکیٹ دھماکے سے لرز اٹھی، ابتدائی اطلاعات کے مطابق دھماکا وفاقی دارالحکومت کی مصروف ترین مارکیٹ کے ایک ہوٹل میں ہوا جس کے باعث 13 افراد زخمی ہوئے اور 2 ہوٹلز کو بری طرح نقصان پہنچا، دھماکا گیس سلنڈر پھٹنے کے باعث ہوا۔ میڈیا رپورٹس میں فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی مصروف ترین ایف 7 سپر مارکیٹ میں دھماکا ہوا ہے۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق دھماکا گیس سلنڈر کے پھٹنے کے باعث ہوا ہے، تاہم اس حوالے سے پولیس کی جانب سے تفصیلات فراہم کرنے کا انتظار کیا جا رہا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق دھماکا اس قدر شدید تھا کہ ایف 7 سپر مارکیٹ میں واقع 2 ہوٹلز کی عمارت کو آگ لگ گئی۔جبکہ دھماکے کے باعث 13 افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ دھماکے کے فوری بعد ریسکیو ٹیموں نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی۔بعد ازاں تمام زخمیوں کو پولی کلینک ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ ریسکیو ٹیموں کے پہنچنے سے قبل موقع پر موجود افراد کی جانب سے زخمی افراد کو اپنی مدد آپ کے تحت ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کی کوشش کی جاتی رہی۔ واضح رہے کہ ایف 7 سپر مارکیٹ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی مصروف ترین مارکیٹ تصور کی جاتی ہے۔
اسلام آباد دھماکا
