صدر میں واقع پارکنگ پلازہ کی دکانوں اور دفاتر کو جلد نیلامی کیلئے پیش کیا جائے گا
کراچی (وقائع نگار خصوصی) لائنزایریا پروجیکٹ کے تمام رہائشی، تجارتی اور فلاحی پلاٹس کو فوری طور پر کمپیوٹرائزڈ کیا جائے تاکہ الاٹیز کی جائیداد محفوظ ہو سکے۔ ان خیالات کا اظہار ڈائریکٹر جنرل ادارہ ترقیات کراچی ڈاکٹر سیف الرحمن نے لائنزایریا پروجیکٹ کے افسران سے ایک بریفنگ کے دوران کیا۔ انہوں نے کہاکہ پلاٹس کا ریکارڈ کمپیوٹرائز ہونے سے جائیداد کی منتقلی اور دیگر متعلقہ امور کی انجام دہی میں آسانی اور کام کی رفتار تیز ہو جائے گی جس سے ادارے کی آمدن میں خاطر خواہ اضافہ ممکن ہو سکے گا۔ پروجیکٹ ڈائریکٹر لائنزایریا مبین صدیقی نے اجلاس کو بتایا کہ صدر میں واقع پارکنگ پلازہ کی دکانوں اور دفاتر کو جلد نیلامی کے لیے پیش کیا جائے گا جس سے ادارے کی آمدن میں اضافے کی توقع ہے، جبکہ مذکورہ پروجیکٹ میں کئی سیکٹرز میں سرکاری اراضی پر لینڈ مافیا کا قبضہ ہے، ڈائریکٹر جنرل سید سیف الرحمن نے پروجیکٹ ڈائریکٹر مبین صدیقی کو ہدایات دیں کہ لائنزایریا کے مختلف مقامات سے قبضہ مافیا سے ادارے کی اراضی کو واگزار کروانے کے لیے دیگر اداروں سے بھی مدد حاصل کی جائے اور اراضی کو ناجائز قابضین سے واگزار کروا کر اسے نیلام کے لیے پیش کیا جائے۔

