شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہے گی، 1476 ارکان اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے
سالانہ انتخابات میں دی ڈیموکریٹس اور دی یونائیٹڈ گروپ کے 12،12 رکنی پینل میدان میں ہیں
کراچی (اسٹاف رپورٹر) کراچی پریس کلب کے سالانہ انتخابات آج ہفتہ 28 دسمبر کی صبح کراچی پریس کلب میں شروع ہوگئے۔ 1476 ارکان اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے، سالانہ انتخابات میں دی ڈیموکریٹس پینل اور دی یونائیٹڈ پینل کے امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہے۔ الیکشن کمیٹی نے تمام ارکان کو ہدایت کی ہے کہ ووٹ ڈالنے کے لیے پریس کلب کی طرف سے جاری کردہ کارڈ ساتھ لائیں، پولنگ صبح 9 سے شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے کراچی پریس کلب میں جاری رہے گی۔ سالانہ انتخابات برائے سال 2020ء کے لیے ’’دی ڈیمو کریٹس‘‘ اور ’’دی یونائیٹڈ پینل‘‘ کے اپنے اپنے 12 رکنی پینل حصہ لے رہے ہیں صدر اور جنرل سیکرٹری کے لیے 2، 2 امیدوار میدان میں ہیں جن کے درمیان کانٹے دار مقابلہ متوقع ہے۔ دی ڈیموکریٹس پینل سے نیوز ون سے صدارتی امیدوار محمد امتیاز خان فاران، روزنامہ بزنس ریکارڈر سے نائب صدر کے امیدوار سعید سربازی، نیو ٹی وی سے خزانچی کے لیے راجہ کامران، اے آر وائی نیوز سے سیکرٹری کی نشست کے لیے ارمان صابر، روزنامہ جنگ سے جوائنٹ سیکرٹری کے لیے محمد ثاقب صغیر، اسی طرح گورننگ باڈی کی 7 نشستوں کے لیے روزنامہ دنیا سے عبدالجبار ناصر، 92 نیوز سے عبدالوحید راجپر، جیو نیوز سے عتیق الرحمن، سماء نیوز سے بینا قیوم، روز ٹی وی سے محمد لیاقت مغل، روزنامہ عبرت سے سعید احمد لاشاری اور اب تک نیوز سے زین علی شامل ہیں۔ جبکہ دی یونائیٹڈ پینل کی جانب سے بزنس ریکارڈر کے احمد خان ملک کو صدارتی امیدوار نامزد کیا گیا ہے، نائب صدر کے لیے سالک مجید (روزنامہ نوائے وقت)، سیکرٹری کے لیے فیضان لاکھانی (جیو نیوز)، خزانچی کے لیے ایم نعیم کھوکھر (روزنامہ جنگ)، جوائنٹ سیکرٹری کے لیے لیاقت علی رانا (دنیا ٹی وی) کو نامزد کیا گیا ہے۔

