اسلام آباد/ گوجرانوالہ/ بہاولنگر/ لاہور/ فیصل آباد (خبر ایجنسیاں) ملک بھر میں شدید دھند پڑی‘ پنجاب میں ٹریفک حادثات میں13افرادہلاک ہوگئے‘ گیس اور بجلی کی لوڈشیڈنگ سے زندگی اجیرن ہوگئی۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب کے شہر گوجرانوالہ میں تیز رفتار ڈمپر کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار 3 دوست موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔ گوجرانوالہ کے حافظ آباد روڈ پر حادثہ پیش آیا ۔ضلع بہاولنگر میںدھند میں تیزرفتاری کے سبب ہونے والے 2 مختلف ٹریفک حادثات میں10 افراد جاں بحق 26 سے زاید افراد زخمی ہوگئے‘جاں بحق اور زخمی ہونے والوں میں خواتین ، بچے بھی شامل ہیں‘ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے حادثے پر اظہار افسوس، لواحقین سے اظہار تعزیت کیا‘ ضلعی انتظامیہ کو زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی ۔ دریں اثناملک بھر میں چلنے والی یخ بستہ ہوائوں نے سردی کی شدت میں مزید اضافہ کر دیا‘ گیس اوربجلی کا شارٹ فال بڑھ گیا۔ حکام وزارت توانائی کے مطابق بجلی کا شارٹ فال 3ہزارمیگا واٹ تک پہنچ گیا‘سسٹم کو2 ارب 48 کروڑ کیوبک فٹ گیس کی کمی کا سامنا ہے۔ حکام کا مزید کہنا تھا کہ تربیلا ڈیم سے بجلی کی پیداوارصرف 200 میگا واٹ رہ گئی ہے اور تربیلا ڈیم میں بجلی پیدا کرنے والے14یونٹ بند ہیں جبکہ منگلا ڈیم سے بھی 200 میگاواٹ بجلی پیدا ہو رہی ہے، پن بجلی کی مجموعی پیداوار700 میگاواٹ تک ہے‘ سرکاری تھرمل پاور پلانٹس 2500 میگا واٹ بجلی پیدا کر رہے ہیں‘ نجی شعبے کے بجلی گھروں کی پیداوار 7800 میگاواٹ ہے‘ وزارت توانائی حکام کا مزید کہنا تھا کہ گیس نہ ہونے کے باعث بجلی کی طلب 14ہزار میگا واٹ ہو گئی جبکہ بجلی کی مجموعی پیداوار11ہزار میگا واٹ ہے،ملک بھرمیں 5 گھنٹے تک بجلی لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے۔ فیصل آباد میں مختلف علاقوںکے عوام سردی کی شدت کے باوجود مہنگی گیس سے بھی محروم ہوگئے جبکہ صنعت کار پہلے سے گیس کی فراہمی سے محروم ہونے کے بعد متبادل ایندھن بھی مہنگا ہونے سے پریشان ہیں گیس سے محروم علاقوںکے لوگوںنے محکمہ سوئی گیس کو24 گھنٹے کا الٹی میٹم دیا ہے اگرگیس فراہم نہ کی گئی تو وہ سوئی گیس دفاترکاگھیرائوکریںگے۔لاہور میں شدید سردی گیس کی فراہمی اور دریائوں میں پانی کی کمی کی وجہ سے بجلی اور گیس کا شارٹ فال مزید بڑھ گیا ہے جس کی وجہ سے شہر میں گیس کے ساتھ ساتھ بجلی کی غیر اعلانیہ گھنٹوں لوڈشیڈنگ کا بھی آغاز کردیا گیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ سوئی نادرن گیس کمپنی کو طلب کے مقابلے میں 2 ارب 48 کروڑ کیوبک فٹ گیس کے شارٹ فال کا سامنا ہے ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب اور بالائی سندھ کے بیشتر میدانی علاقوں میں شدید دھند پڑنے کا امکان ہے جبکہ بالائی علاقوں میں درجہ حرارت منفی 18تک گر سکتا ہے۔خیبر پختونخوا کے بعض اضلاع میں بھی صبح کے وقت شدید دھند چھائے رہنے کی توقع ہے جب کہ بالائی علاقوں میں موسم شدید سرد رہے گا۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں گزشتہ3 دن سے دھند پڑنے کا سلسلہ جاری رہا جو (آج) اتوار تک رہے گا۔ پنجاب کے میدانی اضلاع لاہور، گوجرانوالہ، گجرات، نارووال، سرگودھا، منڈی بہا الدین، سیالکوٹ، حافظ آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ، جھنگ، فیصل آباد، اوکاڑہ، ساہیوال، ملتان، بہاولپور، بہاولنگر، ڈیرہ غازی خان اور راجن پور سے شدید دھند پڑنے کی اطلاعات ہیں۔ بالائی سند ھ کے اضلاع سکھر، لاڑکانہ ، روہڑی، پڈعیدن اور جیکب آباد میں رات اور صبح کے وقت دھند پڑنے کا امکان ہے۔ سب سے زیادہ سردی اسکردو میں پڑی جہاں کا درجہ حرارت منفی 18 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
