مشرقی یورپ، شمالی مغربی آسٹریلیا، مشرقی افریقہ، پیسفک، بحر ہند، تامل ناڈو سمیت بھارت کے مختلف شہروں میں نمایاں طور پر سورج گرہن دکھائی دیا
راولپنڈی، اسلام آباد، پشاور، کوئٹہ، گوادر، لاہور اور کراچی میں سورج گرہن کے وقت روشنی آہستہ آہستہ کم ہونا شروع ہوئی، بعض شہروں میں جزوی اندھیرا چھاگیا
کراچی( مانیٹرنگ ڈیسک) متحدہ عرب امارات اور سری لنکا میں سورج پر مکمل گرہن لگنے کے باعث رنگ آف فائر( آتشی انگوٹھی) بن گیا۔ عرب میڈیا کے مطابق172 برس بعد سورج گرہن کے باعث یو اے ای کے کئی حصوں میں اندھیرا چھا گیا۔ مشرقی یورپ‘ شمال مغربی آسٹریلیا‘ مشرقی افریقہ‘ پیسفیک اور بحر ہند میںبھی نمایاں طور پر سورج گرہن دکھائی دیا۔ بھارت کے مختلف شہروںاحمد آباد‘ کیرالہ اور تامل ناڈو کے ساحلی شہروں میں سورج گرہن دیکھا گیا۔ پاکستان بھر کی طرح راولپنڈی‘ اسلام آباد‘ پشاور‘ کوئٹہ‘ گوادر اور لاہور میں بھی سورج گرہن ہوا۔ جس سے روشنی آہستہ آہستہ کم ہونا شروع ہوئی اور بعض شہروں میں جزوی اندھیرا چھا گیا۔ اسلام آباد میں10 بج کر15 منٹ تک سورج گرہن رہا تاہم دھند کی وجہ سے شہری نظارہ نہیں کرسکے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں سورج گرہن 7بجکر47 منٹ پر شروع ہوا اور 8بجکر 58 منٹ پر مکمل ہوا۔ کوئٹہ میں صبح7بجکر39 منٹ پر سورج گرہن کا آغاز 8بجکر48 منٹ پر مکمل ہوا۔ پشاور میں جزوی سورج گرہن8 بجکر56 منٹ پر ہوا جسے واضح طورپر دیکھا گیا۔ ماہرین فلکیات کے مطابق سورج گرہن سے مراد چاند کا گردش کرتے ہوئے ایسے مقام پر پہنچ جانا ہے جہاں وہ بالکل زمین اور سورج کے درمیان آجائے۔

