حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر)پاکستان تحریک انصا ف کے صوبائی صدر اور سندھ اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر حلیم عادل شیخ نے کہا ہے کہ اگر پاکستان پر کسی بھی جارحیت یا پیش قدمی کی کوشش کی تو تھرپارکر میں ر ہنے والے ہندو اور سندھ میں رہنے والے سندھی بھی فوج کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔ 5جنوری کو سندھ میں رہنے والی ہندو برادری کی جانب سے ٹنڈوالہیار راما پیر کے مندر سے کھوکھرا پار تک ریلی نکالی جائیگی۔ وہ حیدرآباد پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر پی ٹی آئی کے سینئر صوبائی رہنما عمران قریشی، علی محمد ہنگورو، مومن خان، جگدیش کمار اور دیگر بھی موجو دتھے۔ حلیم عادل شیخ نے کہاکہ بھارت کی تباہی قریب نظر آرہی ہے، نریندر مودی ہٹلر کا روپ دھارچکا ہے اور اب وہ اپنی اندرونی خلفشار اور بدامنی سے توجہ ہٹانے کیلئے پاکستان پر حملہ کرسکتا ہے لیکن پوری قوم اپنی افواج کے ساتھ ہے ، وطن کے دفاع کیلئے ہم سب متحد ہیں لیکن بدقسمتی سے ہمارے چند ناعاقبت اندیش سیاستدان عدالتوں کے فیصلوں کی آڑ میں حالات خراب کرنا چاہتے ہیں اور وہ اس طرح کا تاثر دے رہے ہیں کہ جیسے پاکستان میں معاشی بدامنی اور خلفشار ہے اس طرح کے عمل سے بیرون دنیا میں پاکستان کا امیج خراب ہورہا ہے اور سرمایہ کاری متاثر ہورہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ بھارتی حکومت نے مسلمانوں اور دیگر اقلیتوں کیساتھ مظالم کی انتہا کردی ہے ،بھارت میں مسلمانوں کی نسل کشی کی جارہی ہے، مسلمانوں کو مذہبی رسومات ادا کرنے کی اجازت نہیں دی جارہی، مسلمانوں اور دیگر اقلیتوں کو چن چن کر نشانہ بنایا جارہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ اب جنگ چاہئے میزائل کی ہے، جہاز یا سوشل میڈیا کی ، پاکستان کی پوری قوم متحد ہے۔ انہوں نے کہاکہ بھارت نے اگر پاکستان پر کسی بھی جارحیت یا پیش قدمی کی کوشش کی تو تھرپارکر میں ر ہنے والے ہندو اور سندھ میں رہنے والے سندھی بھی فوج کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔ پاکستان میں ہندو اور دیگر اقلیتوں کو مکمل آزادی ہے ۔ بعدازاں حلیم عادل شیخ نے تحریک انصاف کے علاقائی رہنما حارث جہانگیری کی دعوت ولیمہ میں شرکت کی ۔
حلیم عادل شیخ
