English Al Qamar Urdu جون 27, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

کھیلوں کی سرگرمیوں میں اضافہ ہمارے روشن مستقبل کی نوید ہے،گورنر سندھ

القمر

کراچی (اسٹاف رپورٹر )گورنرسندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ سندھ کی ثقافت دنیا بھر میں اپنا ایک منفرد مقام رکھتی ہے کھیلوں میں گھڑ دوڑصوبہ کا ایک قدیم کھیل عوام میں بے حد مقبول ہے کسی بھی کھیل میں غلطیوں سے انسان سیکھ کر آگے بڑھتا ہے جو کہ باہمت لوگوں کا وژن ہوتاہے ،کھیلوں میں ایک فریق فاتح اور دوسرا فریق ہارتا ہے لیکن ہارنے سے ہمیں ایک سبق ملتاہے، قائد اعظم کپ میں گھڑ دوڑ میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ہر ایک کھلاڑی نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے قائد اعظم کپ کی تقریب تقسیم اسناد سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ تقریب میں فاتح کھلاڑیوں میں انعامات بھی تقسیم کیے گئے ۔ اس موقع پر پیر پگاڑا اور سید صدر الدین شاہ راشدی سمیت دیگر بھی موجود تھے ۔گورنرسندھ نے مزید کہا کہ معاشی شہ رگ کراچی میں صنعتی ، کاروباری ، سماجی ، معاشی ، ادبی اور دیگر سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ کھیلوں کی سرگرمیوں میں اضافہ ہمارے روشن مستقبل کی نوید ہے جس میں ہم سب کو مزید کردار ادا کرنا ہوگا ۔ بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنرسندھ نے کہا کہ سندھ سے بڑ ی مقدار میں گیس نکلتی ہے صوبہ کا جو حصہ ہے وہ اسے ملنا چاہئے اس ضمن میں وزیر اعظم پاکستان کے سامنے مقدمہ پیش کردیا ہے ، صوبائی حکومت ایل این جی خریدنے سے انکاری ہے ۔ ایک سوال کے جواب میں گورنرسندھ نے کہا کہ عوام کو موجودہ حکومت سے بڑی توقعات وابستہ ہیں اس حکومت سے غلطیاں تو ہو سکتی ہیں لیکن کرپشن نہیں ہوئی ہوگی جب اداروں میں کرپشن ختم کردی جاتی ہے تو وہ ادارے ترقی کرتے ہیں جس طرح اگر ایک صنعت میں کرپشن ہو تو پھر اس صنعت کے حالات خراب ہونا شروع ہو جاتے ہیں پوری کوشش کررہے ہیں کہ کرپشن کا مکمل خاتمہ یقینی بنایا جاسکے ۔ ایک اور سوال کے جواب میں گورنرسندھ نے کہا کہ ریس کورس گرائونڈ کی ترقی کے لئے کام کریں گے اس کے لئے پی سی ون بنوائیں گے گولڈ کپ زبردست ایونٹ ہے جس میں کھلاڑی بھرپور شرکت کرتے ہیں کوشش کریں اسے بھی عالمی سطح کا ایونٹ بنایا جائے ۔

 

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے