ڈیفنس، گڈاپ اور ہاکس بے سمیت 5 مقامات پر مخلوط پارٹی کی انٹری فیس فی جوڑا 3 سے 4 ہزار روپے مقرر، مذکورہ پارٹیوں میں صرف کپل کو آنے کی اجازت ہوگی، ذمہ دار ذرائع
پارٹی آرگنائزر کی جانب سے شراب و دیگر منشیات کی بھی سہولت فراہم کی جائے گی، متعلقہ پولیس سے پیشگی اجازت لے لی گئی، ایک ذمہ دار پولیس افسر نے خاتون آرگنائزر سے 20 ہزار رشوت لی ہے، ذرائع
کراچی (کرائم ڈیسک) کراچی میں سالِ نو کا جشن منانے کے لیے ڈیفنس، گڈاپ اور ہاکس بے سمیت 5 مقامات پر مخلوط ڈانس پارٹیوں کی تیاریاں مکمل کرلی گئیں، پارٹی آرگنائزرز نے بلیک میں فروخت کے لیے لاکھوں کی شراب بھی ذخیرہ کرلی ہے، پارٹی کی انٹری فیس فی جوڑا 3 سے 4 ہزار روپے تک رکھی گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق ہر سال کی طرح امسال بھی شہر کے پوش علاقوں ڈیفنس اور کلفٹن سمیت فارم ہائوسز پر نیوایئر نائٹ کا جشن منانے کے لیے 5 مقامات پر آرگنائزرز نے مخلوط ڈانس پارٹیوں کے انتظامات کیے ہیں، انتہائی اہم ذرائع کے مطابق درخشاں کے علاقے سی ویو پر واقع ایک بنگلے میں ٹیپو نامی آرگنائزر نے 31 دسمبر کی رات ڈانس پارٹی کا انتظام کیا ہے جس کی انٹری فیس 4 ہزار روپے رکھی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق مذکورہ پارٹی میں صرف کپل کو آنے کی اجازت ہوگی جبکہ شراب و دیگر منشیات کی بھی سہولت فراہم کی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق چھاپے سے بچنے کے لیے ٹیپو نامی آرگنائزر کی جانب سے نیو ایئر نائٹ پارٹی کے لیے صرف مخصوص کپلز کو بلایا گیا ہے جس سے یہ تاثر دیا جاسکے گا کہ پارٹی نجی ہے جبکہ پارٹی آرگنائزر کی جانب سے ایڈریس بھی خفیہ رکھا گیا ہے جبکہ اپنے اعتماد کے لوگوں کو بذریعہ ایس ایم ایس پارٹی کی دعوت دی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق آرگنائزر کی جانب سے پارٹی میں شرکت کے لیے آنے والے کپلز کو پارٹی شروع ہونے کا وقت رات 11 بجے بتایا گیا ہے جبکہ آرگنائزر کی جانب سے پارٹی میں موبائل فونز لانے پر مکمل پابندی عائد کی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق اسی طرح گڈاپ سٹی کے علاقے سپر ہائی وے پر واقع اورچٹ فارم ہائوس میں سائرہ ڈی جے نامی خاتون کی جانب سے سال نو کا جشن منانے کے لیے مخلوط ڈانس پارٹی رکھی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق مذکورہ پارٹی میں انٹری فیس 3 ہزار روپے فی کپل رکھی گئی ہے جبکہ پارٹی میں آرگنائزر کی جانب سے کپلز کے لیے شراب کی بلیک میں فروخت کا بھی انتظام کیا گیا ہے جہاں پارٹی آرگنائزر دگنی قیمت پر شراب بھی فروخت کریں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ آرگنائزر نے ڈانس پارٹیوں کے لیے متعلقہ پولیس سے پیشگی اجازت بھی حاصل کر لی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ متعلقہ تھانے کے ایک ذمہ دار افسر نے ڈانس پارٹی کرانے کے لیے خاتون آرگنائزر سے 20 ہزار روپے رشوت لی ہے اور انہیں صبح تک چلنے والی پارٹی بند نہ ہونے کی مکمل یقین دہانی کرائی گئی ہے، جبکہ پولیس پارٹی میں آنے والوں کو روکے گی نہ ہی ان کی تلاشی لی جائے گی۔ گڈاپ کے ہی علاقے سپرہائی وے پر واقع درانی فارم ہائوس پر نبیل عرف سونو نامی پارٹی آرگنائزر نے ’’نیو ایئر نائٹ‘‘ کے نام سے ڈانس پارٹی کا اہتمام کیا ہے، ذرائع کے مطابق مذکورہ پارٹی کی خاص بات یہ ہے کہ اس پارٹی میں منچلوں کے لیے سال نو کا جشن منانے کے لیے کپل کی شرط عائد نہیں کی گئی ہے بلکہ پارٹی آرگنائزر کی جانب سے پارٹی میں آنے والے بغیر کپل نوجوانوں کے لیے کپل اور شراب کا بھی بندوبست کیا گیا ہے۔

