ڈیمالیشن اسکواڈ کی صدر ٹائون‘ آرٹلری میدان‘ کھارادر ‘گلشن اقبال اور محمود آباد میں انہدامی کارروائی
آر سی سی کالمز اور پارٹیشن دیواروں‘شادی ہال کی دیواریں بلا اجازت تعمیراتی ردوبدل کی گئیں‘اعلامیہ
کراچی (اسٹاف رپورٹر) ڈیمالیشن اسکواڈ نے شہر کے مختلف علاقوں میں غیرقانونی تعمیرات کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے انہیں منہدم و سر بمہر کردیا۔ انہدامی کارروائیاں ڈپٹی و اسسٹنٹ ڈائریکٹراور ڈیمالیشن آفیسرز کی زیر نگرانی عمل میں لائی گئیں اتوار کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل ظفر احسن کی ہدایات پر ڈیمالیشن اسکواڈ نے شہر کے مختلف علاقوں میں غیرقانونی تعمیرات کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے انہیں منہدم و سر بمہر کردیا۔ تفصیلات کے مطابق ڈیمالیشن اسکواڈ کی ایک ٹیم نے صدر ٹائون میں پلاٹ نمبر RB-11,46 پر چوتھی منزل کی پارٹیشن دیواروں، پلاٹ نمبر AM، 23، آرٹلری میدان کے گرائونڈ فلورپر بلا اجازت تعمیراتی ردوبدل، پلاٹ 34، GK-02 پر چھٹی منزل کی پارٹیشن دیواروںا ور پلاٹ واقع کھارادر کے گرائونڈ فلور کی چھت کو منہدم کردیا جبکہ پلاٹ نمبر NP-8/2، نیپئر کوارٹرزکے گرائونڈ فلور پر تعمیرات کیلیے نصب شیٹرنگ، کالمز اور پارٹیشن دیواروں کو منہدم کرتے ہوئے احاطے کو سر بمہر کردیا گیا۔ علاوہ ازیں ڈیمالیشن ٹیم نے گلشن اقبال ٹائون کے علاقے اسکیم 36میں پلاٹ نمبر 151/1، بلاک 11پر بیسمنٹ کی چھت اور کالمز، پلاٹ نمبر C-352، بلاک 1 پر غیر قانونی شادی ہال کی دیواروں اور پلاٹ نمبر LS-0405، اسٹریٹ نمبر 12بلاک 2کی چوتھی منزل پر کمرے کی تعمیرات کو منہدم کردیا جبکہ کچی آبادی سیل میں پلاٹ نمبرB-53 محمود آباد نمبر 2، پر پانچویں منزل کی دیواروں اور آر سی سی کالمز کو منہدم کردیا گیا۔ مذکورہ بالا انہدامی کاروائیاں علاقے کے ڈپٹی و اسسٹنٹ ڈائریکٹراور ڈیمالیشن آفیسرز کی زیر نگرانی عمل میں لائی گئیں جبکہ امن و امان کی صورت حال کو قابومیں رکھنے کے لیے ایس بی سی اے پولیس فورس بھی ان کے ہمراہ وہاں موجود تھی۔

