English Al Qamar Urdu جون 24, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

کراچی میں سبزی فروشوں نے ’’100 کا پہاڑہ‘‘ رٹ لیا سبزیوں کی قیمتیں عوام کی پہنچ سے دور ہونے لگیں

بچت بازاروں میں بھی گرانفروشی کا بازار گرم، مہنگائی سے پریشان شہریوں کو بھی ان سے ریلیف نہ مل سکا، کوئی پوچھنے والا نہیں ہے، شہریوں کا الزام
ٹماٹر، بھنڈی، مٹر، گاجر، کریلے، ادرک، لہسن اور دیگر سبزیاں رسد میں حائل رکاوٹوں کے خاتمے کے باوجود بدستور مہنگے داموں فروخت ہورہی ہیں
کراچی (کامرس ڈیسک) کراچی میں سبزیوں کی قیمتیں تاحال عوام کی پہنچ سے دور ہیں، مہنگائی کے مارے عوام کو بچت بازاروں سے بھی ریلیف نہ مل سکا۔ ٹماٹر، بھنڈی، مٹر، گاجر، کریلے، ادرک، لہسن اور دیگر سبزیاں بدستور مہنگے داموں فروخت ہو رہی ہیں، سبزی فروشوں نے 100 کا پہاڑہ پڑھ لیا، بیشتر سبزیاں 100 روپے کلو میں فروخت کی جارہی ہیں۔ ہر سبزی کے دام 100 روپے کے آس پاس ہیں، گزشتہ سیزن 20 سے 25 روپے کلو فروخت ہونے والی گاجروں کی قیمت اس سال 50 روپے تک پہنچ چکی ہے، اسی طرح مولی جو گزشتہ سیزن 20 سے 30 روپے کلو فروخت ہوتی رہی اب 50 روپے کلو سے کم پر دستیاب نہیں، کھیرا 80 روپے کلو، پالک 40 سے 50 روپے کلو، گوبھی ٹینڈے توری لوکی 80 سے 100 روپے کلو فروخت ہو رہے ہیں۔ بھنڈی اور مٹر 150 روپے سے زائد قیمت پر فروخت کی جارہی ہیں، مختلف اقسام کے ساگ بھی 60 سے 70 روپے کلو فروخت کیے جارہے ہیں، ٹماٹر کی بھرپور فصل بازار میں آنے کے باوجود ٹماٹر کی قیمتیں بدستور 100 روپے کی سطح کے گرد گھوم رہی ہیں، بازاروں میں ٹماٹر 90 روپے کلو فروخت ہو رہے ہیں، ادرک 300 سے 320 روپے کلو، لہسن 260 سے 280 روپے کلو فروخت ہو رہا ہے۔ پیاز اور آلو کی قیمتوں میں قدرے کمی آئی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے