English Al Qamar Urdu جون 24, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

عراق میں امریکی بمباری 25 ایران نواز جنگجو ہلاک

عراق: اختتام ہفتہ پر کرکوک کے فوجی اڈے کو راکٹوں سے نشانہ بنائے جانے اور امریکی کنٹریکٹر کی ہلاکت کے جواب میں کی گئی بم باری سے ایران نواز ملیشیا کتائب حزب اللہ کے ٹھکانے تباہ ہوگئے ہیں‘ واشنگٹن میں وزیر خارجہ مائیک پومپیو، وزیر دفاع مارک ایسپر اور جنرل مارک ملی صحافیوں کو تفصیلات بتا رہے ہیں

بغداد ؍ واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) عراق میں ایران نواز ملیشیا پر امریکی فضائی حملوں میں کم از کم 25جنگجو ہلاک اور 51 زخمی ہوگئے۔ خبررساں اداروں کے مطابق اتوار اور پیر کی درمیانی شب عراقی صوبے انبار کے سرحدی شہر القائم میں مقامی حزب اللہ کے ٹھکانوں پر بمباری کی گئی۔امریکی محکمہ دفاع پینٹا گان نے اپنے بیان میں حزب اللہ کے سربراہ ابوعلی خزعلی کو نشانہ بنانے اور ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ عراقی حزب اللہ کی نشانہ بننے والی 5 تنصیبات میں اسلحہ کے ذخائر اور کمانڈ اینڈ کنٹرول سائٹ شامل ہیں۔ حملوں میں امریکی ایف 15 طیارے استعمال کیے گئے۔ پینٹاگون نے بتایا کہ یہ حملے عراق میں ایک امریکی دفاعی ٹھیکیدار کی ہلاکت کے ابتدائی ردعمل میں ہوئے ہیں۔ حزب اللہ نے پیر کے روز جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ اس کے 25 جنگجو ایک امریکی حملے میں مارے گئے ہیں۔جب کہ ان حملوں کی تصدیق امریکی وزیر دفاع مارک ایسپر نے بھی کی ہے۔انہوں نے صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ ہم اپنے دفاع کے لیے اور ایران کو معاندانہ کارروائیاں کرنے سے روکنے کے لیے کام کرتے رہیں گے۔مارک ایسپر نے واضح کیا کہ جن اہداف کا انتخاب کیا گیا، ان حزب اللہ کی کمان اینڈ کنٹرول کی تنصیبات اور ہتھیاروں کے گودام شامل ہیں۔ جب کہ امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو کا کہنا ہے کہ عراق میں حزب اللہ پر کیے جانے والے فضائی حملے ایک بھرپور جواب ہے، جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ امریکا عراق میں اپنی فوج کو درپیش ایرانی خطرات کے سامنے خاموش تماشائی نہیں بنے گا۔ دوسری جانب عراق میں ان حملوں پر شدید غم وغصے کا اظہار کیا جارہا ہے۔ عراقی وزیراعظم عادل عبدالمہدی نے ایک بیان میں ان حملوں کی مذمت کی ہے۔ الصدر تحریک کے سربراہ مقتدی الصدر نے واشنگٹن اور تہران کے درمیان جنگ بھڑکنے اور اس جنگ میں عراق کو گھسیٹے جانے کے خطرات سے خبردار کیا ہے۔الصدر کا یہ بیان امریکی حملوں کے بعد پیر کے روز ایک ٹوئٹ میں سامنے آیا۔ انہوں نے کہا جو کوئی بھی اس جنگ میں عراق کو گھسیٹے گا وہ عراقی عوام کا دشمن ہو گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں اپنی قوم کے بڑوں کی جانب سے ایک سنجیدہ موقف کی ضرورت ہے، تا کہ ہم عراق کو اس گھمسان کی لڑائی سے دور رکھ سیکیں جو سب کچھ تباہ کرکے رکھ دے گی۔ ادھر عراقی حزب اللہ کے ٹھکانوں پر امریکی حملوں کے بعد بغداد کے قریب ایک فوجی اڈے پر 4 میزائل داغے جانے کی اطلاعات ہیں، تاہم ان حملوں میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے