شہری ٹریفک قوانین کے مطابق کلفٹن، باغ ابن قاسم اور سی ویو کا رخ کرسکتے ہیں، ون وے، تیز رفتاری، ون ویلنگ اور ٹریفک لین کی خلاف ورزی کی اجازت نہیں ہوگی
سی ویو روڈ، مین شارع فیصل، عبداللہ ہارون روڈ، ڈاکٹر ضیاء الدین احمد روڈ، مائی کلاچی روڈ، کورنگی روڈ اور ایم ٹی خان روڈ پر کسی بھی قسم کی پارکنگ کیخلاف کارروائی ہوگی، ترجمان
کراچی (اسٹاف رپورٹر) ٹریفک پولیس نے سال نو کے موقع پر شہریوں کی جانب سے نئے سال کی آمد پر مختلف تفریحی مقامات جس میں کلفٹن، باغ ابن قاسم اور سی ویو پر بڑی تعداد میں آمد کو مدنظر رکھتے ہوئے کسی بھی سڑک کو بند نہ کرنے کا اعلان کیا ہے تاہم ٹریفک پولیس نے عوام سے گزارش کی ہے کہ وہ ٹریفک قوانین کے مطابق ان مقامات کا رخ کر سکتے ہیں۔ تاہم ون وے، تیز رفتاری، ون ویلنگ اور ٹریفک لین کی خلاف ورزی پر قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی، ترجمان کراچی پولیس کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق وہ تمام ہیوی ٹریفک جس میں واٹر ٹینکر، ڈمپر، ٹریلر، آئل ٹینکر اور لوڈنگ ٹرک وغیرہ کو 31 دسمبر منگل کی شام 6 بجے سے ٹریفک کی روانی معمول پر آنے تک شہر میں داخل ہونے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی تاہم سی ویو روڈ، مین شارع فیصل، عبداللہ ہارون روڈ، ڈاکٹر ضیاالدین احمد روڈ، مائی کلاچی روڈ، کورنگی روڈ اور ایم ٹی خان روڈ پر کسی بھی قسم کی پارکنگ کی اجازت ہرگز نہیں دی جائے گی اور خلاف ورزی پر قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ترجمان کے مطابق ٹوٹے ہوئے یا بغیر سائلنسر کے علاوہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والی گاڑیوں اور موٹر سائیکل چلانے والوں اور غفلت و لاپروائی سے ڈرائیونگ کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کو ہر سطح پر یقینی بناتے ہوئے انہیں مقامی پولیس کے حوالے کیاجائے گا، ترجمان ٹریفک پولیس نے عوام سے التماس کی ہے کہ وہ زحمت اور پریشانی سے بچنے کے لیے ٹریفک قوانین کے مطابق گاڑی چلائیں اور ٹریفک سے متعلق کسی بھی قسم کی مدد کے لیے ٹریفک پولیس ہیلپ لائن 1915 پر رابطہ کریں۔

