متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما خواجہ اظہار الحسن کہتے ہیں کہ وزیرِ اعظم عمران خان کو نوٹس لینا چاہیے کہ ان کے اتحادی ان سے مایوس ہو رہے ہیں۔ نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق انہوں نے کہا کہ سندھ کے مسائل وزارتوں سے نہیں، بلدیاتی نظام صحیح کرنے سے حل ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق خواجہ اظہار الحسن نے مزید کہا کہ وفاق سے رشتہ توڑنا اور صوبائی حکومت سے وزارتیں لینا تجارت ہے، پیپلز پارٹی فارمولہ دے وزارتیں نہیں، وفاقی حکومت نے وعدے پورے نہیں کیے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کراچی میں چار ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کرنے کے بعد تقریب سے خطاب کے دوران ایم کیو ایم کو سندھ حکومت میں وزارتیں دینے کی آفر کی تھی۔ انہوں نے کہا تھا کہ کراچی کی خاطر جتنی وزارتیں ایم کیو ایم کے پاس وفاق میں ہیں، ہم انہیں سندھ میں دینے کو تیار ہیں۔
اس موقع پر بلاول بھٹو زرداری نے میئر کراچی وسیم اختر کو مشورہ دیا تھا کہ ایم کیو ایم تحریکِ انصاف سے اپنا اتحاد توڑے اور عمران خان کی حکومت کو گرا دے، ہم آپ کا ساتھ دیں گے۔
