حکومت نے پیٹرول بم گرانے کا ریکارڈ قائم کردیا ٗ 2019مہنگائی کے حوالے سے بدترین سال رہا ٗ سراج الحق
مہنگائی اور کرپشن بڑا مسئلہ ہے ٗ عوام کے حقوق کیلئے حکومت کا تعاقب کرینگے ٗ امیر جماعت اسلامی
لاہور( مانیٹرنگ ڈیسک)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ 2019 ء کاآخری سورج حکومت کی ناکامیوں ، یوٹرن اور عوام کی بے بسی کے ساتھ غروب ہورہاہے۔ مہنگائی اور کرپشن بڑا مسئلہ ، عوام کے حقوق کے لیے حکومت کا تعاقب کریں گے۔ 2019 ء مہنگائی کے حوالے سے بدترین سال رہا ۔ حکومت نے پیٹرول بم گرانے کا ریکارڈ قا ئم کیا ۔ ایک سال میں پٹرول کی قیمت میں 23 روپے دو پیسے کا اضافہ ہونا پی ٹی آئی کے وعدوں کی قلعی کھولتاہے ۔ڈالر کی اونچی اڑان اور روپے کی بے قدری بھی حکومت کی معاشی پالیسیوں کی ناکامی کا ثبو ت ہے ۔ معیشت کے تمام اعشاریے حکومتی وعدوں کی طرح منفی رہے ۔ چیف الیکشن کمشنر کی تقرری کے لیے آٹھواں اجلاس بھی آج بے نتیجہ ختم ہوگیاہے ۔حکومت اداروں کے تنائو او ر سیاسی دھند کا فائدہ اٹھانا چاہتی ہے ۔ نیب آرڈی نینس کے ذریعے وزیراعظم اپنے دوستوں کو بچانا اور مخالفین کو پھنسانا چاہتے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے منصورہ میں مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ حکومت نے خاموش این آر او شروع کررکھاہے اور چور مچائے شور کے مصداق آئے روز این آر او نہ دینے کے دعوے کرتی رہتی ہے ۔ جب تک حکومت میں بیٹھے لوگ خود کو احتساب کے لیے پیش نہیں کرتے ، احتساب ادھورا رہے گا ۔ انہوںنے کہاکہ سابقہ حکومتوں کے نااہل لوگوں کو موجودہ حکومت میں جمع کردیا گیا ہے ۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ تمام سیاسی جماعتیں اپنے اندر احتساب کا نظام وضع کریں اور کرپٹ افراد کو اہم ذمہ داریاں دینے کے بجائے احتساب کے کٹہرے میں لے کر آئیں ۔

