English Al Qamar Urdu جون 25, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

بلدیہ عظمیٰ متحرک فردوس کالونی میں 3 غیر قانونی عمارتیں گرادی گئیں

سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کی جانب سے غیر قانونی تعمیرات کیخلاف کارروائی نہ ہونے کی وجہ سے بلدیہ کی ٹیم نے کام شروع کردیا
پولیس کی بھاری نفری کی موجودگی میں عمارتیں منہدم کی گئیں، رنچھوڑ لائن میں گرنے والی عمارت کا ملبہ اٹھانے کا کام بھی جاری ہے
کراچی (وقائع نگار خصوصی) بلدیہ عظمیٰ کراچی نے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کی جانب سے غیر قانونی عمارات کے خلاف مثبت کارروائی نہ ہونے کی وجہ سے یہ ذمہ داری اپنی مدد آپ کے تحت سنبھالتے ہوئے فردوس کالونی میں 3 غیر قانونی عمارات کو منہدم کر دیا جبکہ رنچھوڑ لائن میں گرنے والی عمارت کا ملبہ ٹھکانے لگانے کے لیے بلدیہ کراچی کی ٹیم نے کام شروع کر دیا، سندھ ہائی کورٹ کے حکم پر بلدیہ عظمیٰ کراچی نے فردوس کالونی میں 3 غیر قانونی عمارات کو منہدم کرنے کے لیے آپریشن کیا اس دوران پولیس کی بھاری نفری موقع پر موجود تھی۔ تینوں عمارات 2 منزلہ تھیں انہیں تعمیر کرنے کے لیے روڈ کے مختلف حصوں پر قبضہ کیا گیا تھا۔ دوسری جانب بلدیہ عظمیٰ کراچی کے سینئر ڈائریکٹر لینڈ بشیر صدیقی نے رنچھوڑ لائن سومرا گلی میں منہدم ہونے والی عمارت کا جائزہ لیا۔ بشیر صدیقی کے مطابق عمارت کے 4 فلور زمین میں دھنس چکے ہیں اور بالائی دو فلور گرنے سے گلی مکمل بند ہو چکی ہے جس کے باعث یہاں فوری طور پر بھاری مشینری نہیں جاسکتی۔ پہلے مرحلے میں گلی سے گرنے والی عمارت کا ملبہ اٹھایا جارہا ہے جس کے بعد اس عمارت کا ملبہ ٹھکانے لگا دیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ غیر قانونی عمارات کے خلاف کارروائی کرنا سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کا کام ہے بلدیہ عظمیٰ کراچی یہاں رضاکارانہ طور پر خدمات انجام دے رہی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے