خان صاحب نے قرضہ نہ لینے اور ایک کروڑ نوکریاں دینے کے وعدے سے یوٹرن لیا
حکومت نے پارلیمنٹ کو بے توقیر کرنے کا کوئی موقع ہاتھ سے نہیں جانے دیا‘رہنما پیپلزپارٹی
کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی ترجمان سینیٹر مولا بخش چانڈیو نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کے یوٹرنز کے عالمی ریکارڈ کا سال ثابت ہوا ہے۔ سینیٹر مولا بخش چانڈیو نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ 2019اداروں کے وقار پر کاری ضرب کا سال رہا، حکومت نے پارلیمنٹ کو بے توقیر کرنے کا کوئی موقع ہاتھ سے نہیں جانے دیا، احتساب کے نام پر خان صاحب کی حکومت نے سیاسی انتقام کی انتہا کر دی، اپنی باری آئی تو عمران خان نے یوٹرن لے کر آرڈیننس جاری کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ خان صاحب نے قرضہ نہ لینے اور ایک کروڑ نوکریاں دینے کے وعدے سے یوٹرن لیا، 50 لاکھ گھر دینے کے وعدہ کرنے والے نے لاکھوں لوگوں کو بے گھر کر دیا، سب سے بڑا یوٹرن کشمیر پر لیا گیا، حکومت نے کشمیریوں کے خون کا سودا کیا۔

