English Al Qamar Urdu جون 25, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

مزدور کابیٹاعامر علی انڈر19کرکٹ ورلڈکپ میں پاکستان کی نمائندگی کے لیے پرعزم

القمر

کراچی (اسٹاف رپورٹر )دادو سے تعلق رکھنے والے اسپنر عامرعلی آئی سی سی انڈر 19کرکٹ ورلڈکپ 2020 میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔ 17 جنوری سے جنوبی افریقا میں شروع ہونے والے ایونٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے کا عزم رکھنے والے نوجوان کرکٹر کے کیرئیر کا سفر آسان نہیں تھا۔ سہولیات کے فقدان کے باوجود گرین شرٹ زیب تن کرنے کا خواب اس کٹھن سفر میں17سالہ کرکٹر کے لیے مشعل راہ بنا رہا۔2015 میں پی سی بی انڈر16، 2 روزہ کرکٹ ٹورنامنٹ سے اپنے کرکٹ کیرئیر کا آغازکرنے والے اسپنر عامر علی نے پہلے ہی ایونٹ میں 3 میچوں میں 19وکٹیں حاصل کرکے حریف کھلاڑیوں پر اپنی دھاک بٹھادی۔ دادو کے ایک مزدود کے بیٹے عامر علی نے برادرز کرکٹ کلب سے اپنے شوق کا آغاز کیا۔شہر میں گراؤنڈز کی کمی کے باعث عامر علی کو شوق کی تکمیل کے لیے گردونواح میں جا کرکرکٹ کھیلنا پڑتی تھی۔گھریلو حالات کے باعث اہلِ خانہ عامر علی کو بھائی کے ساتھ درزی کا کام سیکھنے کے لیے گھر سے بھیجتے تو وہ دوستوں کے ہمراہ کرکٹ کھیلنے کے لیے میدان کا رخ کرلیتے تھے۔ نوجوان اسپنر عامر علی کاکہنا ہے کہ نامساعد حالات کے باعث والد مزدوری اور بھائی درزی کا کام کرتے ہیں، مگر والد نے جلد ہی ان کی کھیل سے لگن کو بھانپتے ہوئے انہیں مکمل توجہ کرکٹ پر دینی کی ہدایت کردی تھی۔عامر علی نے پی سی بی انڈر 16دو روزہ کرکٹ ٹورنامنٹ2016 کے 4میچوں میں 19 وکٹیں حاصل کیں۔ 17سالہ اسپنر نے قومی انڈر 19 ، 3روزہ کرکٹ ٹورنامنٹ کے 4 میچوں میں 12.86کی اوسط سے 28 وکٹیں حاصل کیں۔ وہ ایونٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والے بولرز میں تیسرے نمبر پر تھے۔حالیہ سیزن میں قومی انڈر 19 ایک روزہ کرکٹ ٹورنامنٹ کے 4میچوں میں 7وکٹیں حاصل کرنے والے عامر علی اس سے قبل دورہ جنوبی افریقا میں قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کی جانب سے سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والے بولر قرار پائے تھے۔ انہوں نے سیریز میں شامل 7میچوں میں 13وکٹیں حاصل کی تھیں۔ اے سی سی انڈر 19 ایشیا کپ 2019میں عامر علی نے3میچوں میں 4وکٹیں حاصل کیں۔17سالہ اسپنر عامر علی کا کہنا ہے کہ ان کا تعلق ایک ایسے علاقے سے ہے جہاں کھیل کی سہولیات محدود ہیں تاہم انہوں نے حالات سے ہار ماننے کے بجائے ہمیشہ مشکلات سے لڑنا سیکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کا حصہ بننا ان کے لیے اعزاز کی بات ہے مگر ان کی خواہش دادو کا پہلاکرکٹر بن کر پاکستان کرکٹ ٹیم کی نمائندگی کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ ان کے آئیڈیل کرکٹر سری لنکا کے سابق اسپنر رنگنا ہیراتھ ہیں اور انہوں نے اسپن بولنگ کا یہ ہنر بین الاقوامی میچوں میں ان کی ویڈیوز دیکھ کر سیکھا ہے۔ انہوں نے کہاکہ آئی سی سی انڈر 19 ورلڈکپ، قومی کرکٹ ٹیم میں جگہ بنانے کی ایک سیڑھی ہے اور وہ اس ایونٹ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے لیے تیار ہیں۔نوجوان اسپنر نے کہا کہ وہ اپنی کارکردگی سے قومی انڈر 19کرکٹ ٹیم کی جیت میں کلیدی کردار ادا کرنے کی ہر ممکن کوشش کریں گے۔
اسکواڈ میں شامل کھلاڑی:
اوپنرز: عبدالواحد بنگلزئی (کوئٹہ)، حیدر علی (راولپنڈی) اور محمد شہزاد (ملتان)،مڈل آرڈرز: محمد حارث (پشاور)،محمد حریرہ (سیالکوٹ) اور محمد عرفان خان (لاہور)۔وکٹ کیپر: روحیل نذیر(کپتان)۔آلراؤنڈرز: عباس آفریدی( پشاور)، فہد منیر (لاہور)، قاسم اکرم (لاہور)۔ا اسپنرز: عامر علی (لاڑکانہ) اور آرش علی خان (کراچی)۔فاسٹ بولرز: عامر خان (پشاور)، محمد وسیم جونیئر (شمالی وزیرستان) اور طاہر حسین (ملتان)۔
ٹیم مینجمنٹ:
اعجاز احمد ( ہیڈ کوچ کم منیجر)، راؤ افتخار انجم (باؤلنگ کوچ)، عبدالمجید(اسسٹنٹ کوچ)، حافظ نعیم الرسول (فزیو تھراپسٹ)، صبور احمد (ٹرینر) ، عثمان ہاشمی( اینالسٹ) ،عماد حمید (میڈیا منیجر) اورکرنل (ر)عثمان رفعت انصاری( سیکورٹی منیجر)
شیڈول
شیڈول کے مطابق میچ19جنوری 2020: پاکستان بمقابلہ اسکاٹ لینڈ،22جنوری پاکستان بمقابلہ زمباوے،24جنوری: پاکستان بمقابلہ بنگلادیش جبکہ فائنل9فروری کوہو گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے