کراچی (اسٹاف رپورٹر)ڈسٹرکٹ سائوتھ چمپئین حیدری بلوچ فٹبال کلب کے انفارمیشن سیکریٹری زرخان بلوچ نے کلب کی 2019 کی کارکردگی کے بارے میں بتاتے ہوئے کہاکہ گذشتہ سال کی طرح 2019 میں بھی حیدری بلوچ کی کارکردگی بڑی شاندار رہی۔ ان کے مطابق 2019 ء میں کلب نے 18 فٹبال ٹورنامنٹس میں حصہ لیا، ان 18 ٹورنامنٹس میں سے 14 ٹورنامنٹس مکمل ہوچکے ہیں جبکہ باقی ماندہ 4 ٹورنامنٹس ابھی تک چل رہے ہیں۔ مکمل ہونے والے 14ٹورنامنٹس میں سے 5 ٹورنامنٹس کے فائنلز حیدری بلوچ نے جیتے جبکہ ایک فائنل میچ میں ہینلٹی ککس کی بنیاد پر حیدری بلوچ کو شکست کاسامنا کرناپڑا۔ گزشتہ سال کلب نے کل 58 میچز کھیلے جن میں سے 48 میچز میں حیدری بلوچ نے کامیابی حاصل کی جبکہ صرف 10 میچز میچز میں کلب کو شکست کا سامنا کرنا پڑا اور ہارے ہوئے ان 10 میچز میں بھی 7 میچز کا فیصلہ مقررہ وقت، تک برابر رہنے کے باعث پینلٹی ککس پر کیا گیا۔اس سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ کلب نے 2019 میں کتنی متاثرکن کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ کھیلے گئے ان 58 میچز میں حیدری بلوچ کی طرف سے 80 گول اسکور کئے گئے جبکہ کلب کے خلاف 29 گول اسکور ہوئے۔حیدری بلوچ کے مایہ ناز اسٹرائیکر واجدمراد نے 2019 میں کلب کی طرف سے 45 میچز میں حصہ لیتے ہوئے 23 گول اسکورکئے اورسال کے ٹاپ اسکورر قرار پائے۔ زرخان بلوچ نے کہاکہ کلب کی اس شاندار کارکردگی کا، سہرا کوچ قاسم سومار کے سر جاتا ہے کہ جن کی بھرپور ٹریننگ اور محنت کی بدولت حیدری بلوچ کی اس نوجوان ٹیم کی کارکردگی اتنی شاندار اور متاثر کن رہی۔
