English Al Qamar Urdu جون 24, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

کراچی میں آج سے یخ بستہ ہوائیں تھمنے کا امکان

شہر میں دوسرے روز بھی سرد سائبیرین ہوائیں غالب رہیں، رفتار 40 کلو میٹر فی گھنٹہ ریکارڈ
صبح کے وقت ہوا میں نمی کا تناسب 35 فیصد جبکہ شام کو 21 فیصد ریکارڈ ہوا، محکمہ موسمیات
کراچی (اسٹاف رپورٹر) شہر میں دوسرے روز بھی سرد سائبرین ہوائیں غالب رہیں، چند علاقوں میں بوندا باندی کی وجہ سے سردی میں اضافہ رہا، جمعرات کو کم سے کم پارہ پانچویں روز بھی 9 ڈگری ریکارڈ ہوا، تاہم معمول سے تیز ہوائوں کی وجہ سے درجہ حرارت اصل سے 2 ڈگری کم محسوس کی گئی۔ آج جمعہ سے یخ بستہ ہوائیں تھمنے کا امکان ہے، جمعرات کو دوسرے روز بھی شہر میں معمول سے تیز سائبرین ہوائوں کے جھکڑ چلے جس کی زیادہ سے زیادہ رفتار 40 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ ہوئی، صبح کے وقت شہر کے مختلف علاقوں کورنگی، کراچی ایئرپورٹ، ملیر، ملحقہ علاقوں میں بوندا باندی ہوئی جس کی وجہ سے سردی کی شدت میں اضافہ دیکھا گیا۔ جمعرات کو دن کے وقت مطلع جزوی ابرآلود رہنے کی وجہ سے خاصی خنکی محسوس کی گئی، کم سے کم پارہ پانچویں روز بھی 9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا، شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت گزشتہ روز کے مقابلے میں 2 ڈگری اضافے سے 22.4 ڈگری ریکارڈ ہوا، محکمہ موسمیات کے مطابق صبح کے وقت ہوا میں نمی کا تناسب 35 فیصد جبکہ شام کے وقت 21 فیصد ریکارڈ ہوا۔ چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کے مطابق آج جمعہ کو سرد ہوائوں کی رفتار گزشتہ دو روز کے مقابلے میں قدرے کم ہونے کی توقع ہے، آج 20 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں متوقع ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے